نئی حکومت کی عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تبدیلی کی ہوا اب تک بلوچستان نہیں پہنچی، مولانا عبدالحق ہاشمی

عوام کی امیدیں نئی حکومت سے تھیں، منتخب نمائندوں نے حقیقی تبدیلی کا وعدہ کیا تھا، اب تک حقیقی تبدیلی سے عوام کوسوں دورہے ،صوبائی امیرجماعت اسلامی

جمعہ 18 جنوری 2019 20:46

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ نئی حکومت کی عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے تبدیلی کی ہوا اب تک بلوچستان نہیں پہنچی عوام کی امیدیں نئی حکومت سے تھی اور منتخب نمائندوں نے بھی حقیقی تبدیلی کا وعدہ کیا تھا مگر اب تک حقیقی تبدیلی سے عوام کوسوں دورہے ۔جماعت اسلامی نیا نہیں نظریہ پاکستان کے مطابق اسلامی پاکستان بنائیگی تاکہ حقیقی طور پر عوام کے مسائل حل اور نفاذاسلام کی راہ ہموار ہوجائیں ۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری میں کمی کے حوالے سے اسٹیٹ بنک کی تازہ رپورٹ انتہائی تشویشناک ہے۔صرف چھ ماہ کے دوران بیرونی سرمایہ کاری میں77فیصد کمی اوراسٹاک مارکیٹ میں مختصر عرصے کے دوران پونے تین ارب روپے کا نکل جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت کے پاس معیشت کی بہتری کے لیے کسی بھی قسم کی کوئی ٹھوس حکمت عملی نہیں۔

(جاری ہے)

ملک میں کرپشن کا ناسور کینسر سے زیادہ خطرناک بن چکا ہے۔

ہر سال اربوںروپے کی کرپشن نے پورے نظام کوتلپٹ کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت کے دوراقتدار میں بھی محض ڈنگ ٹپائو پالیسیوں سے کام چلایا جا رہا ہے۔اوپر سے لیکر نیچے تک کرپٹ مافیا ملک وقوم کو لوٹنے میں مصروف ہے۔ اب تک اقتدارمیں آنے والی ہر پارٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کرپشن کی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے ہیں۔

ہمیشہ کرپٹ اور لٹیرے سیاستدانوںنے قومی وسائل پر قابض ہو کر قوم کو غربت، مہنگائی اور لوڈ شیڈنگ کے اندھیروں میں دھکیلا ہے۔انہوں نے کہاکہ میگاکرپشن کیسز کے حوالے سے نیب کی کارکردگی بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث تمام چھوٹے بڑے مجرموں کوقوم کے سامنے لایاجائے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں روزانہ 10سی12ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے جس کا اعتراف سابق چیئرمین نیب خود کرچکے ہیں۔

گزشتہ تین عشروں سے کرپشن کاناسور پاکستان کی سیاست اور سول وملٹری اوربیوروکریسی کواپنے حصار میں لئے ہوئے ہے۔جب تک کرپشن کرنے والے بڑے عناصر کونہیں پکڑاجائے گا نچلی سطح پر کرپشن کاقلع قمع ممکن نہیں۔ کرپشن کامرض مسلسل پھیلتاہی چلاجارہاہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ملک میںحقیقی احتساب کانظام رائج ہو اور ملک میں بلا تفریق سب کا احتساب ہونا چاہے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں