ماضی کی نسبت آج بلوچستان کے حالات بہت بہتر ہیں،عبدالخالق ہزارہ

امن لوٹ رہا ہے اور دستیاب وسائل عوام کی بہبود پر خرچ کرنے کیلئے ٹھوس حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے،صوبائی وزیر کھیل و ثقافت

منگل 22 جنوری 2019 21:00

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2019ء) صوبائی وزیر کھیل و ثقافت اینڈ یوتھ افئیر عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ ماضی کی نسبت آج بلوچستان کے حالات بہت بہتر ہیں امن لوٹ رہا ہے اور دستیاب وسائل عوام کی بہبود پر خرچ کرنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی مرتب کی جارہی ہے کرپشن ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ماضی میں فنڈز کا اجراء پہلے ہوجاتا تھا جبکہ ترقیاتی منصوبے بعد میں بنتے تھے ماضی اور موجودہ صوبائی حکومتوں کی کارکردگی کا موازنہ کرنے کے لئے میڈیا پوری غیر جانبداری سے اپنا کردار ادا کرے پیشہ ورانہ فرائض کی بہتر انجام دہی کے لیے وویمن میڈیا سینٹر پاکستان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں جمہوری عمل میں خواتین کی موثر شرکت اور ووٹ کی شرح کاسٹنگ میں اضافے کے لئے شعبہ میڈیا اینڈ جرنلزم کی طالبات شعوری آگاہی کے لئے عملی میدان میں اپنا کردار ادا کریں ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوئٹہ پریس کلب میں وویمن میڈیا سینٹر پاکستان کے زیر اہتمام مختلف جامعات میں ماس کمیونیکیشن کی طالبات کے پانچ روزہ ٹریننگ پروگرام کی اختتامی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈبلیو ایم سی کی سربراہ فوزیہ شاہین نے کوئٹہ میں پانچ روزہ ٹریننگ پروگرام کی تفصیلات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ بلوچستان کی خواتین جرنلسٹ کو مخصوص پیرائے میں صحافتی خدمات سرانجام دینے کے ساتھ ساتھ اپنی پیشہ ورانہ خدمات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پولیٹیکل بیٹ پر بھی کام کرنا ہوگا تاکہ سیاسی عمل میں بلوچستان کی خواتین کو فیصلہ سازی کے مساوی مواقع میسر آسکیں اور قومی رائے دہی کے عمل سے دور خواتین کو سیاسی دھارے میں لایا جا سکے صوبائی وزیر یوتھ افئیرز نے اپنے خطاب میں کہا کہ بلوچستان کے مسائل کو قومی و علاقائی میڈیا میں موثر طور پر اجاگر کرنے کے لئے نوجوان صحافی اپنی مثبت صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور اس مقصد کے لئے پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافے کے لئے ایسے تربیتی پروگرامز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں جو ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں معاون ثابت ہوں انہوں نیکہا کہ بلوچستان میں سیاحت کے فروغ کے وسیع مواقع ہیں نیا پاکستان اس وقت بنے گا جب اقرباء پروری کے بجائے میرٹ کو فوقیت دی جائے گی بلوچستان کی خواتین کا صحافت میں آنا خوش آئند عمل ہے ملک کی ترقی کیلئے سب کو یکجاء ہوکر سوچنا ہوگا انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے اکثر علاقوں کے اسکول اب بھی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں منتخب نمائندے اپنے علاقوں میں ترقیاتی اسکیموں کی کڑی نگرانی کریں تاکہ ان کے ثمرات سے عوام مستفید ہو سکیں انہوں نے کہا کہ ملازمتیں فروخت کرنے والے سنگین جرم کا ارتکاب کرتے ہیں اب خلاف میرٹ ایسا کوئی اقدام نہیں ہوگا بد قسمتی سے بلوچستان کے وسائل لوٹنے میں یہاں کے اپنے لوگوں کا کردار رہا ہے جس کی وجہ سے پسماندگی ختم نہ ہوسکی حتی کہ بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ترقی کا عمل مفلوج رہا اور عوام مشکلات میں ہیں ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگاانہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں کیلئے جلد یوتھ پالیسی لارہے ہیں بلوچستان میں کھیل کی سہولیات انتہائی محدود ہیں بد قسمتی سے صوبے میں کھیل کا شعبہ سیاست کی نظر ہوگیا کوشش ہے صوبے کے جوانوں کو صحت مندانہ سرگرمیوں کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کریں۔

اس سے قبل وویمن میڈیا سینٹر پاکستان کی ماسٹر ٹرینر قرات العین اور سئنیر جرنلسٹ شہزادہ ذوالفقار احمدزئی نے میڈیا اینڈ جرنلزم کے طلبہ کو پیشہ ورانہ تربیت کے مختلف امور پر ٹریننگ اور لیکچر دیا تقریب کے اختتام پر ٹریننگ کے شرکاء کو سرٹیفکیٹس دئیے گئے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں