ملک میں قرآن وسنت کے قانون کانفاذ مسائل سے نجات کا ذریعہ ہے،سید منور حسن

بلوچستان سترسال گزرنے کے باوجودآج بھی مسائل ومشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہے،سابق امیر جماعت اسلامی

پیر 18 فروری 2019 21:28

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 فروری2019ء) سابق امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا کہ ملک میں قرآن وسنت کے قانون کانفاذ مسائل سے نجات کا ذریعہ ہے ملک وملت کو وسائل فراہم کرنے والا بلوچستان سترسال گزرنے کے باوجودآج بھی مسائل ومشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں بلوچستان کو بھی کرپشن ونااہل حکمرانوں نے تبا ہ کرکے رکھ دیا ہے ۔

ملک میں قانون وانصاف ،روزگار کی کمی اور تعلیم وصحت کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے مسائل بڑھ رہے ہیں بلوچستان کے زخموں پر مرہم رکھنے اور انہیں دل سے قریب کرنے کی ضرورت ہے بلوچستان کے عوام محنتی محب وطن اور اسلام سے محبت کرنے والے ہیں جماعت اسلامی بلوچستان کو مسائل سے نجات دلاسکتی ہے جماعت اسلامی نے حکومت میں نہ ہو نے کے باوجود اہل بلوچستان کی خدمت کی ہے اور ہماری خدمات اب بھی جاری ہے ۔

(جاری ہے)

حکومت عوام سے کیا ہواوعدہ اسلامی ریاست کاقیام کو پوراکریں تاکہ عوامی امیدوتائید حاصل کی جاسکیں ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے کراچی میں جماعت اسلامی بلوچستان کے امیر مولاناعبدالحق ہاشمی ،سابق ایم این اے ڈاکٹر عطاء الرحمان ،امیر جماعت اسلامی شمالی پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کہی ان رہنمائوں نے عالم اسلام، ملک وبلوچستان اور علاقائی سیاسی صورتحال پر گفتگوکی ۔

مولانا عبدالحق ہاشمی نے بتایا کہ ملک کے دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان میں گزشتہ کئی حکومتوں میں بہت زیادہ کرپشن ہوئی عوام کو امیدتھی کہ موجودہ حکومت میں کرپشن ختم ہوئی اور لٹیروں کو قرارواقعی سزاملیگی مگر نہ کرپشن ختم ہوئی اور نہ ہی کرپٹ مافیا کو سزاملی ۔بلوچستان میں کینسر اور دل کے امراض خطرناک حد تک بڑھ رہے ہیں عوام کاکئی سالوں سے مطالبہ ہے کہ کوئٹہ میں کینسر ودل کے امراض کے علاج کیلئے معیاری ہسپتال قائم کیا جائے مگر تاحال اس پر عمل درآمد نہیں ہوا ۔

موجودہ حکومت نے اب تک عوامی مسائل حل کرنے شروع نہیں کیے لاقانونیت ،بدامنی اور کرپشن کا خاتمہ ،حکومتی اصلاح عوام کا اولین مطالبہ اور مسائل کے حل کی راہ ہے مگر بدقسمتی سے عوام کے مسائل میں روزبروزاضافہ ہورہا ہے بلوچستان کے عوام پینے کے پانی کو ترس رہے ہیں سی پیک گوادر وبلوچستان کی وجہ سے بن رہاہے مگر اب سی پیک کے ثمرات سے بھی اہل بلوچستان کو محروم کیا جارہاہے جو لمحہ فکریہ ہے ۔

ملک سے کرپشن اور لا قانونیت کے خاتمہ کے بغیر امن اور خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا ۔موجودہ حکمرانوںکے دور میںترقیاتی کام ٹھپ اور بلوچستان مسائلستان بن گیا ہے۔سید منورحسن نے کہا کہ کرپشن اس ملک کا ناسور ہے۔کرپٹ مافیا اس ملک کے مسائل کا سبب ہیںان سے قوم کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لینا چاہئیے۔اس قوم کے ساتھ عجیب مذاق ہے کہ ہمیشہ حکمران اور سیاسی پارٹیاں عوامی مینڈیٹ کے ساتھ دھوکہ کرتے ہیں۔

ملک کی خوشحالی ،امن اور ترقی کرپشن اور لاقانیت کے خاتمہ سے ممکن ہو سکتی ہے۔ملک میں قانون نام کی کوئی چیز نہیں ہے انصاف مہنگااور غریب عوام کے پہنچ سے دور ہیں یہی وجہ ہے کہ ظالم آزاد اور مظلوم انصاف کا منتظرہے۔ عوام پینے کے صاف پانی سے نہ صرف محروم بلکہ مختلف بیماریوں کا شکار ہیں۔جماعت اسلامی ہمیشہ سے عوامی ایشوزکو اجاگر کرنے اور حل کی جدوجہد کر رہی ہے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں