حکومت مشکل وقت میں لسبیلہ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے ،سردار صالح بھوتانی

عوام اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں، سیلاب کی تباہ کاریوں میں ریسکیو کا کام تیزی سے جاری ہے ،متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں کام کررہی ہیں اور بلدیاتی اداروں کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں،صوبائی وزیر بلدیات

جمعرات 21 فروری 2019 22:32

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 فروری2019ء) صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح بھوتانی نے کہا ہے کہ حکومت اس مشکل وقت میں لسبیلہ کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے عوام اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔ لسبیلہ میں ہونے والی سیلاب کی تباہ کاریوں میں ریسکیو کا کام تیزی سے جاری ہے ،متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں کام کررہی ہیں اور بلدیاتی اداروں کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن امداد میں مددکریں۔

اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر بلدیات سردار صالح بھوتانی نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے بعدآنے والے سیلاب نے تباہی مچائی ہے تمام متاثرہ علاقوں میں ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے تاہم ضلع لسبیلہ میں جو تباہ کاریاں ہوئی ہیں اس کیلئے حکومت نے ریسکیو کا کام تیزی سے شروع کردیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں ٹیمیں کام کررہی ہیں اس کے علاوہ پی ڈی ایم اے نے بھی متاثرہ علاقوں میں فوری امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا ہے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء سمیت کمبل و دیگر سامان بھی ہنگامی طور پر پہنچانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں اُنہوں نے کہا کہ لسبیلہ میں بارش سے ہونے والی تباہ کاریوں کا جائزہ بھی لیا جارہا ہے اور سیلاب سے بے گھر ہونے والے افراد کیلئے خیمے فراہم کئے جارہے ہیں اور سیلاب میں پھنسے ہوئے بہت سے لوگوں کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے جبکہ مزید پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کا عمل بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ ہے اور متعلقہ انتظامیہ کو سختی سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں ہر ضلع میں ایمرجنسی کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جو کہ لوگوں سے رابطہ کرکے مدد کررہا ہے۔ اُنہوں نے لسبیلہ میں سیلابی تباہ کاریوں میں جانی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت مصیبت کی گھڑی میں اپنے عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ریلیف کے کام کو مزید تیز کیا جائے گا لسبیلہ کے عوام اپنے آپ کو تنہا نہ سمجھیں۔

اُنہوں نے بلدیاتی اداروں کے ملازمین کو خصوصی طور پر ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کی چھٹیاں ہنگامی طور پر منسوخ کردی گئی ہیں لہٰذا وہ امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے اپنی خدمات کو بروئے کار لائیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں