آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی ای) کا نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملوں پر اظہار افسوس

پیر 18 مارچ 2019 17:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مارچ2019ء) آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین (سی بی ای) بلوچستان کے صوبائی سیکریٹری نشرواشاعت سید آغا محمد نے نیوزی لینڈ میں دو مساجد پر حملوں کے واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کو بد ترین دہشت گردی قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کا ناسور پوری دنیاکیلئے مسئلہ بنا ہوا ہے دہشت گردوں کا تعلق کسی مذہب سے نہیں ہوتا بلکہ دہشتگرد دہشتگرد ہی ہوتے ہیںجبکہ نیوزی لینڈ واقعے میں 50 سے زائد شہادتوں پر عالمی اداروں کی خاموشی حیرت انگیز ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان عالمی سطح پر نیوزی لینڈ حکومت سے احتجاج کرے اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی مساجد میں بے گناہ مسلمانوں کا قتل عام سفاکیت کی بدترین مثال ہے ملک کے محنت کش طبقے اور عوام کی مکمل ہمدردیاںاس واقعے میں شہید ہونے والوںکے لواحقین کے ساتھ ہیں اورپاکستانی عوام ان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا محنت کش طبقہ اس درد اور کیفیت سے بخوبی آگاہ ہے کیونکہ ہمارا ملک بھی کئی سالوں سے ایسی صورتحال سے دوچاررہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام امن پسند مذہب ہے اورپوری انسانیت کیلئے امن کا پیغام دیتا ہے جبکہ مغربی سامراجی میڈیا اس سفاکیت اور ظلم کو اجاگر کرنے میں احتیاط سے کام لے رہی ہے جو کہ معنی خیز ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں