بلوچستان ہا ئیکورٹ کی گوشت مارکیٹ کیس میںدرخواست گزار کو ایک ہفتے بعد پروپوزل کیساتھ آنے ،تمام افراد پرواجب الادا کرایہ 5 اپریل تک جمع کرانے کی ہدایت

منگل 19 مارچ 2019 19:51

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مارچ2019ء) بلوچستان ہائیکورٹ میں گوشت مارکیٹ کو پارکنگ پلازہ میں بدلنے سے متعلق درخواست کی جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس کامران ملاخیل پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی،سماعت میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن غلام فاروق لانگو، ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان ارباب طاہر کاسی، عدنان بشارت ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔

سماعت کے دوران جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دئیے کہ کوئٹہ شہر میں ٹریفک کا مسئلہ سنگین ہے، یہاں کی حالت پورے ملک میں سب سے خراب ہے، ایسے اقدامات کریں کہ لوگ زیادہ متاثر نہ ہوں، درخواست گزار نے کہا کہ پلازہ بنانے میں سالوں سال لگادیے جائیں گے اور ہمیں بے روزگار کردیں گے، ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن غلام فاروق لانگو نے عدالت کو بتایا کہ ہم نے بیپرا رولز پر عمل کرنا ہے، پارکنگ پلازہ میں ایک فلور دوکانداروں کیلئے رکھیں گے، پارکنگ پلازہ میں ایک ہزار گاڑیوں کی گنجائش کا منصوبہ بنارہے ہیں،انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں انڈر ٹیکنگ دیں دو سال کے اندر پلازہ بناکر دیں گے، ہم نے یونیورسٹی کے 25 طلباء کو انٹرنشپ پر بھرتی کیا ہے، ان طلباء کو شہر میں بہتری لانے کیلئے مختلف ٹاسک دیئے ہیں۔

(جاری ہے)

بعدازاں عدالت نے درخواست گزار کو ایک ہفتے بعد پروپوزل کے ساتھ آنے اور تمام افراد پرواجب الادا کرایہ 5 اپریل تک جمع کروانے کی ہدایت کی ،عدالت نے مزید ہدایت کی کہ کرایہ ادا نہ کرنے والوں سے جگہ فوری خالی کرائی جائے،جس کے بعد بلوچستان ہائیکورٹ نے پارکنگ پلازہ کیس کی سماعت 8 اپریل تک ملتوی کردی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں