بلاول بھٹو نوجوانوں کے حقیقی نمائندہ ہیں، پیپلز پارٹی عوام کے دلوں پر راج کر تی ہے کوئی طاقت اسے ختم نہیں کرسکتی ہے،سید اقبال شاہ

اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے نہتے کارکنوں پر پولیس تشدد ،گرفتار کرکے بے بنیاد مقدمات بنانا قابل مذمت ہے ، رہنماء پیپلز پارٹی بلوچستان

جمعرات 21 مارچ 2019 19:52

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل سیداقبال شاہ ،سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نوجوانوں کے حقیقی نمائندہ ہیں پیپلز پارٹی عوام کے دلوں پر راج کر تی ہے کوئی بھی طاقت اسکو ختم نہیں کرسکتی ہے،اسلام آباد میں پیپلز پارٹی کے نہتے کارکنوں پر پولیس تشدد اورانہیں گرفتار کرکے بے بنیاد مقدمات بنانے کی مذمت کرتے ہیں حکومت گرفتار کارکنوں کو فوری طورپر رہا کرے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو پیپلزپارٹی بلوچستان کے میڈیا سیل میں ملاقات کرنے والے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سابق صدر آصف علی زرداری کی نیب میں پیشی کے موقع پر استقبال کیلئے آنے والے کارکنوں پر وفاقی حکومت نے تشدد کرکے حالات خراب کرنے کی کوشش کی لیکن ہم سلیکٹڈ حکومت بتادیناچاہتے ہیں کہ ظلم ،تشدد ا ور جھوٹے مقدمات جیالوں کا راستہ نہیں روک سکتے ماضی میں بھی پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالوں پر ظلم کیا گیا مگرہم نے جمہوریت کی مضبوطی اور استحکام کے لئے اپنی جدوجہد جاری رکھی سلیکٹڈ وزیراعظم عمران خان سن لیں کہ پیپلزپارٹی کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے اگر جیالے میدان میں نکل آئے تو حکومت کہیں نظر نہیں آئے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پیپلز پارٹی کے قائدین کے خلاف قائم بے بنیاد مقدمات کو سندھ سے اسلام آباد منتقل کرکے پارٹی قائدین پردباؤ ڈالنا چاہتی ہے لیکن ہم ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے پرامن جیالوں اور کارکنوں پر اسلام آباد پولیس کے تشدد اورانہیں گرفتار کرکے بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات قائم کرنے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے حکومت فوری طور پر گرفتار کارکنوں کو رہا کرے بصورت دیگر پیپلزپارٹی حکومت کے خلاف ملک گیرسطح پراحتجاج پر مجبورہوگی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں