ڈپٹی کمشنر کوئٹہ نے شہر میں غیر قانونی کھدائی کا نوٹس لے لیا

ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن سے رپورٹ طلب کرلی ،کھدائی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم

پیر 25 مارچ 2019 23:57

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2019ء) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی نے کوئٹہ شہر میں غیر قانونی کھدائی کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈمینسٹریٹر میٹرو پولیٹین کارپوریشن سے رپورٹ طلب کرلی کھدائی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم ، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کوئٹہ کیپٹن (ر) طاہر ظفر عباسی نے شہر کے علاقوںپرنس روڈ، مینکانگی روڈ، عثما ن روڈ، خدائے دادروڈ پر بغیر این او سی کے کھدائی کرنے والے افراد کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کردئیے ، ڈپٹی کمشنر کی جانب سے ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹین کارپوریشن کو لکھے گئے مراسلے میں حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر متعلقہ علاقوں میں کھدائی کا کام جاری ہے ،کھدائی کا کام کر نے والے مزدور غیر ملکی ہیں جو ریاست مخالف سرگرمیوں میں بھی ملوث رہے ہیں ،مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹھیکے دار کے پاس انجینئر میٹروپولیٹین کارپوریشن کے نا م سے اجازت نامہ موجود ہے لہذا اس بات کی تصدیق کی جائے کہ کیا میٹروپولیٹین کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے مذکورہ کام کی اجازت دی گئی ہے یا نہیںجبکہ مراسلے میں کھدائی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی درج کرنے کی بھی ہدایت کی گئی اور آئندہ ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کسی کو بھی کھدائی نہ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں