ٴْ قومی حکومت تشکیل دینے کے لیے مختلف جماعتوں کے لوگوں کو جمع کیا جارہا ہے، حافظ حسین احمد

بیلنس برابر اور کچھ کمی کو پورا کرنے کے لیے لوگوں کو نکالا اور لگایا جارہا ہے، کپتان کے کھلاڑی امپائر کی انگلی اٹھائے بغیر ہی آؤٹ ہورہے ہیں پوری ٹیم فالو آن کی طرف جارہی ہے، کپتان اگر حالات کو تبدیل کرنا چاہتے تو استعفیٰ دیدیں، مرکزی ترجمان جمعیت علمائے اسلام

ہفتہ 20 اپریل 2019 19:46

ن*کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2019ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ قومی حکومت تشکیل دینے کے لیے مختلف جماعتوں کے لوگوں کو جمع کیا جارہا ہے، بیلنس برابر اور کچھ کمی کو پورا کرنے کے لیے لوگوں کو نکالا اور لگایا جارہا ہے، کپتان کے کھلاڑی امپائر کی انگلی اٹھائے بغیر ہی آؤٹ ہورہے ہیں پوری ٹیم فالو آن کی طرف جارہی ہے، کپتان اگر حالات کو تبدیل کرنا چاہتے تو استعفیٰ دیدیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر مختلف وفود اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میر ہاشم شاہوانی، میر شمس الدین رند، حاجی سعد محمد لہڑی، میر اسماعیل کرد، ظفر ملازئی ایڈوکیٹ، یونس لہڑی، حافظ منیر احمد ایڈوکیٹ، مولوی عبدالرزاق اچکزئی، مفتی ثناء اللہ، حافظ عثمان شاہوانی، میر منظور رند، مولانا محمود الحسن، حافظ رشید ، حافظ زبیر احمد، حافظ محمود احمد، ظفر حسین بلوچ،حافظ سعید احمد، مولوی اقبال بادینی، حافظ خیر جان اور دیگر بھی موجود تھے حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ بیلنس کو برابر کرنے کے لیے کابینہ سے لوگوں کو نکالا اور لگایا جارہا ہے لگتا ہے کہ قومی حکومت نما چیز تشکیل دی جارہی ہے، جس میں تمام جماعتوں کی نمائندگی ہوگی اس لیے حفیظ شیخ ،زبیدہ جلال سمیت دیگر جماعتوں کے لوگوں کو جمع کیا جارہا ہے کیوں کہ کچھ کمی تھی جس کو پورا کرنے کے لیے نکالنے اور لگانے کا عمل شروع کیا گیا ہے،انہوں نے کہا کہ کابینہ کی تبدیلیوں میں اتحادیوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جارہی کیوں کہ اگراتحادی چڑ گئے تو وہ بات بگڑ جائے گی، انہوں نے کہا کہ اس وقت بال ڈائریکٹ وکٹوں پر لگ رہا ہے اس لیے امپائر کی انگلی اٹھائے بغیر ہی کھلاڑی آؤٹ ہورہے ہیں کپتان کی پوری ٹیم فالو آن کی طرف جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ اسد عمر اور فواد چوہدری کے استعفوں سے حالات سنبھالنے والے نہیں اس لیے عمران خان کا استعفیٰ ضروری ہوچکا ہے اگر حالات کو تبدیل کرنا چاہتے ہیں تو عمران خان خود استعفیٰ دیدیں، انہوں نے کہا کہ عمران خان چیخ چیخ کر کہتے ہیں کہ ان کا قصور کیا ہے ان کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے قوم کو سبز باغ دکھا کر ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا 8ماہ کے اندر اقتصادی حالات بدسے بدتر ہوچکے ہیں یہی ان کا قصور ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں