میڈیا اور حکومت کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید بہتر بنانا ہے ، شاہ عرفان غرشین

منگل 23 اپریل 2019 23:22

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2019ء) محکمہ تعلقات عامہ بلوچستان میں منگل کے روز یہاں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں محکمہ کے ڈائریکٹر جنرل محمد نعیم بازئی کے تبادلے اور نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل شاہ عرفان غرشین کے اعزاز میں آفیسرز ایسو سی ایشن محکمہ تعلقات عامہ کی جانب سے چائے پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے محمد نعیم بازئی نے کہا کہ دوران ملازمت تبادلے و تعیناتی معمول کا حصہ ہوتے ہیں محکمہ کے آفیسران نے ان کی محکمہ میں تعیناتی کے دوران بھر پور تعاون کیا اور افسران میں پائی جانے والے بے چینی کا خاتمہ ہوسکا، انہوںنے کہا کہ انہیں اس امر پر ہمیشہ خوشی و فخر رہے گا کہ اس محکمے کے آفیسران اپنے فرائض کی ادائیگی انتہائی جانفشانی ، محنت اور نیک نیتی سے ادا کرتے ہیں اور حکومت میڈیا کے درمیان تعلقات کو خوشگوار بنانے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے ہیں انہوںنے کہا کہ یہاں اپنے تعیناتی کے عرصے میں آفیسران و اہلکاروں کے ساتھ ایک ٹیم ورک کے طور پر کام کیا اور افسران و اسٹاف نے ان کے ساتھ بھر پور تعاون کیا ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ انہوںنے محکمہ میں بنیادی اصلاحات کی اور روٹیشن پالیسی پر عملدرآمد کیا ہے اس سے افسران میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہوا ہے وہ انتہائی دیر پا مثبت اثرات کی حامل ہیں انہوںنے افسران و اہلکاروں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا جبکہ نئے تعینات ہونے والے ڈائریکٹر جنرل شاہ عرفان غرشین نے افسران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس امر پر خوشی ہے کہ وہ صوبے کے ایک اہم و حساس محکمے کے سربراہ بن کر آئے ہیں انہوںنے کہا کہ وہ بھی دفتر کو ایک ٹیم کے طور پر چلائیں گے اور صوبے کے وسیع تر مفاد میں ہر آفیسر اپنے فرائض ذمہ داری سے ادا کرے گا انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام کے درمیان ہمیں اپنا مؤثر کردار ادا کرتے ہوئے حکومتی اقدامات و حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے عوام کو مؤثر آگاہی دینی ہے جبکہ میڈیا و حکومت کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید بہتر بنانے ہے انہوںنے کہا کہ وہ اپنے افسران و اہلکاروں کو ساتھ لے کر چلیں گے نظم و ضبط ، میرٹ اور گڈ گورننس پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور سابق ڈی جی کی جانب سے شروع کی گئی اصلاحات و دیگر امور تسلسل سے جاری رہیں گے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محکمہ کے ڈائریکٹر محمد نور کھیتران اور آفیسرز ایسو سی ایشن کے صدر و ڈپٹی ڈائریکٹر ظفر علی ظفر نے سابق ڈی جی محمد نعیم بازئی کی محکمہ کے لئے گرانقدر خدمات خصوصاً گڈ گورننس و ٹیم ورک کے طور پر محکمے کے امور نمٹانے اسے مزید جدید بنانے اور محکمہ کے آفیسران کے لئے انفارمیشن اکیڈمی اسلام آباد میں تربیت کیلئے معاملات طے کرنے پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ انہوں نے یہاں پر اپنے مختصر قیام میں دس برسوں سے زیادہ کام کیا ہے اور دفتر کو سٹریم لائن کرتے ہوئے تمام شعبوں کو متحرک کیا ہے ۔

انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نئے آنے والے ڈائریکٹر جنرل بھی ان پالیسیوں و اصلاحات کو جاری رکھیں گے بعد ازاں ایسو سی ایشن کی جانب سے سابق ڈائریکٹر جنرل محمد نعیم بازئی کو سوینئر بھی پیش کیا گیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں