کیڈٹ کالج پشین کے طلباء اساتذہ اور انتظامیہ کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے رجوع کیا جائیگا،پشتونخواملی عوامی پارٹی

بدھ 24 اپریل 2019 22:15

3کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2019ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے اور محمد عیسیٰ روشان نے کہا ہے کہ کیڈٹ کالج پشین کے طلباء اساتذہ اور انتظامیہ کو درپیش مشکلات کو حل کرنے کیلئے متعلقہ حکام سے رجوع کیا جائیگا۔ اور صوبائی گورنر سے ملاقات کرکے درپیش مشکلات ان کے نوٹس میں لائیں جائینگے۔

لہٰذا طلباء کے والدین صبر وتحمل کا مظاہرہ کرے اورمتعلقہ حکام سے ملنے کے بعد مسائل حل نہ ہوئے تو پھر جمہوری احتجاج بھی کیا جائیگا۔ وہ کیڈٹ کالج پشین کے طلباء کے والدین کے وفد سے مرکزی دفتر میں بات چیت کررہے تھے۔ اس موقع پر کیڈٹ کالج پشین کے طلباء کے والدین کے وفد نے کہا کہ کالج میں نظم وضبط کی کوئی پابندی نہیں کئی اساتذہ غیر حاضر رہتے ہیں اور بروقت طلباء کا نصاب مکمل نہیں ہورہا ،30سے زائد طلباء کو بلاجواز سے نکال دیا گیا ، طلباء کے ہاسٹل میںکھانے سمیت صاف پانی تک نہیں مل رہا ، انتظامیہ اور اساتذہ علیحدہ مشکلات کا شکار ہیں جبکہ ملازموں کو بروقت تنخواہوں کی ادائیگی نہیں کی جارہی جس کی وجہ سے تمام ملازمین پریشانی کا شکار ہیں جبکہ کالج میں صوبے کے تمام اضلاع کے سینکڑوں طلباء زیر تعلیم ہے اور ہر طالب علم کے والدین اور خاندان ان کی بہترین کامیابی اور بہترین مستقبل کی امید رکھے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پارٹی رہنمائوں نے کہا کہ آپ سب ہمارے لیئے محترم ہیں اور آپ کے ان جائز مطالبات کو منوانے کیلئے ہر سطح پر بھرپور آواز اٹھائینگے اور کالج کے طلباء کے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے ہرسطح تک جائینگے لیکن پہلے مرحلے میں ضروری ہے کہ صوبے کے گورنر صاحب اور متعلقہ حکام سے رجوع کیا جائے او ران تمام مشکلات کو تفصیل کے ساتھ اس کے سامنے رکھا جائے اور پر امن طریقے سے اس کا حل نکال کر پشین کیڈٹ کالج کو مزید بہتر تعلیمی ادارہ بنانے کیلئے پوری کوشش کی جائیگی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں