صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی پشتون آباد میں بم دھماکے کی مذمت

جمعہ 24 مئی 2019 23:18

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے پشتون آباد میں نماز جمعہ کے دوران رحمانیہ مسجد میں بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مسجدوں اور عبادت گاہوں پر حملہ کرنے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں، عبادت گاہوں پر حملہ کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا- انہوں نے کہا کہ دہشت گرد جو بھی حربہ اپنا لیں اس قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتی- دھماکے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر داخلہ نے سکیورٹی فورسز، انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کوئٹہ شہر کے مسجدوں اور عبادت گاہوں کا سیکورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی- صوبائی وزیر نے کہا کہ رمضان کے مہینے سے ہمیں امن، اخوت اور ایک دوسرے کی مدد کرنے کا سبق ملتا ہے لیکن امن و آشتی اور اخوت کے دشمن کبھی نہیں چاہتے کہ بلوچستان میں قیام امن ہو- دہشت گرد بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں جن کے لیے مذہب، انسانیت اور قومیت کوئی حیثیت نہیں رکھتی- دریں اثنا صوبائی وزیر داخلہ رحمانیہ مسجد بم دھماکے کے زخمیوں کی عیادت کرنے کے لیے ہسپتال پہنچے اور زخمیوں کی عیادت کی- انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کمی نہیں آنی چاہئی- صوبائی وزیر داخلہ نے زخمیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں