کوئٹہ، بجٹ بالواسطہ ٹیکسوں کی بھر مار کے ساتھ غریبوں کی کمر توڑ نے اور انہیں مزید زندہ درگور کرنے کا ذریعہ بنے گا، ہدایت الرحمان بلوچ

قرضوں کی معیشت ،سودی نظام ،بدترین کرپشن ،شاہانہ اخراجات ،وزیر وں مشیروں اور ترجمانوں کی فوج ظفر موج کی موجودگی میں غریب کی بات کرنا غریبوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے، صوبائی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی

جمعرات 13 جون 2019 00:16

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ بجٹ ایک مرتبہ پھر بالواسطہ ٹیکسوں کی بھر مار کے ساتھ غریبوں کی کمر توڑ نے اور انہیں مزید زندہ درگور کرنے کا ذریعہ بنے گا۔ اشیائے صرف کی قیمتوں میں مہینوں ،ہفتوں یا دنوں کے اعتبار سے نہیں بلکہ گھنٹوں کے اعتبار سے اضافہ ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ اس سے زیادہ مضحکہ خیز اور بچگانہ بیان کوئی نہیں ہوسکتاکہ ’’ ٹیکس بھی لگیں گے ،مہنگائی میں اضافہ بھی ہوگالیکن اس سے غریبوں کو متاثر نہیں ہونے دیں گے ‘‘۔

انہوں نے کہا کہ مشیر خزانہ کو چاہئے تھا کہ وہ قوم کو بتاتے کہ انہوں نے غریبوں کو مہنگائی سے بچانے کیلئے کیا اقدامات کئے ہیں ۔ قرضوں کی معیشت ،سودی نظام ،بدترین کرپشن ،شاہانہ اخراجات ،وزیر وں مشیروں اور ترجمانوں کی فوج ظفر موج کی موجودگی میں غریب کی بات کرنا غریبوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے ۔

(جاری ہے)

وفاق اٹھارویں آئینی ترمیم کے تحت صوبوں کو مکمل حقوق نہیں د ے رہا اور صوبے آئین کے مطابق بلدیاتی اداروں کو اختیار اور وسائل نہیں دے رہے جس کی وجہ سے عوامی مشکلات میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے ۔

مہنگائی ،بے روز گاری ،افراط زر میں ہوشربا اضافہ سے عوام کی قوت خرید ختم ہو گئی ہے ۔ بلوچستان میں بدترین غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ۔ حکومتی اور سرکاری اکنامک سروے تو کل آئے گالیکن عوامی معاشی سروے نوشتہ دیوار ہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری ناقابل برداشت ہوچکی ہے ۔ڈالر کی قیمت بڑھنے اور سٹاک ایکسچینج میں حصص کے کاروبار کی تباہی سے قومی معیشت کا پہیہ الٹا گھوم رہا ہے ۔سود کی شرح اور قرضوں کا بوجھ پہلے سے بھی کئی گنا بڑھ گیا ہے ۔عوامی معاشی سروے کا اعلان ہے کہ عمران خان حکومت نااہل اور ناکام ہے اور ریاست کیلئے بدنامی کا باعث بن گئی ہے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں