آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے لیے مختص سکیموں کی منظوری کے دورس نتائج برآمد ہوں گے جہاں تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر میں بھی بہتری آئے گی۔ سکولوں کی عمارات میں بہتری سمیت تدریس کا شعبہ بھی ترقی کرے گا،وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم میر محمد خان لہڑی

منگل 18 جون 2019 00:04

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2019ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے ثانوی تعلیم میر محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے لیے مختص سکیموں کی منظوری کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔جہاں تعلیمی ترقی کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر میں بھی بہتری آئے گی۔ سکولوں کی عمارات میں بہتری سمیت تدریس کا شعبہ بھی ترقی کرے گا۔

محکمہ تعلیم کو وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی کے وژن کے مطابق درست سمت کی جانب گامزن کردیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے یہاں ان کے دفتر میں ان سے ملاقات کی۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ محکمہ تعلیم کا قلم دان چیلنج سمجھ کر قبول کیا تھا۔ جامع منصوبہ بندی بہترین ٹیم ورک اور عوامی وژن لے کر قلیل مدت میں محکمہ تعلیم میں خاطرخواہ بہتری لانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

محکمہ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اقدامات جاری رہیں گے۔ دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کی تشکیل ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ محکمہ تعلیم کے بنیادی ڈھانچے سمیت مختلف شعبوں کے ازسرنو جائزے کے بعد ان میں اصلاحات لائی گئی ہیں۔ سروس سٹرکچر اور بھرتی کے لیے نئے قوانین کے بننے سے محکمے کے ملازمین کو فائدہ اور بے روزگاری کے خاتمے میں مدد ملے گی۔ محمد خان لہڑی نے کہا کہ پنشن کے کیسوں میں التواء کے عمل کو کم سے کم کرلیا ہے۔ چاہتے ہیں کہ اساتذہ کرام کی خدمات کا بروقت صلہ انہیں جلد سے جلد مل جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں