کوئٹہ، ملک معاشی دیوالیہ پن ، سیاسی عدم استحکام ، داخلی طور پر انتشار اور بیرونی طور پر عالمی تنہائی کا شکار ہوچکا ہے ،یوسف خان کاکڑ

داخلی محاذ پر مہنگائی ، بے روزگاری ، امن وامان اور ملک کا ہر شہری عدم تحفظ کا شکار ہوچکا ہے ، ملک کے انتہائی گہری اور نازک ترین بحرانی صورتحال کے حوالے سے پارٹی کے عظیم رہبر نے شروع دن سے ملک کے اندرونی مسائل کی نشاندہی کی تھی ،صوبائی ڈپٹی سیکرٹریپشتونخواملی عوامی پارٹی کچلاغ

منگل 16 جولائی 2019 00:01

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2019ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کچلاغ کے سابق علاقائی سیکرٹری مرحوم ماسٹر نعمت اللہ صاحب کے چہلم کے موقع پر ایک اجتماع پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری یوسف خان کاکڑ کی زیر صدارت انکی رہائش گاہ پر منعقد ہوا۔ اجتماع سے یوسف خان کاکڑ ، پارٹی کے مرکزئی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال ، مرکزی سیکرٹری عبدالرئوف لالا ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، سعید خان ، فاروق وطن شاد، حبیب اللہ کاکڑ ، ڈاکٹر صلاح الدین اور نصیر خان کاکڑ نے خطاب کیا ۔

مقررین نے ماسٹر نعمت اللہ مرحوم کی پشتون قومی تحریک میں شاندار ، پرافتخار ولولہ انگیز جدوجہد پر خراج عقیدت پیش کی اورکہا کہ پشتونخوامیپ کے سیاسی کارکنوں کا فریضہ ہے کہ وہ نعمت اللہ اور اس کی طرح ہزاروں کارکنوں کی دنیا سے رخصت کے بعد ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان کے قومی سیاسی ارمانوں کی تکمیل کا عہد کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک معاشی دیوالیہ پن ، سیاسی عدم استحکام ، داخلی طور پر انتشار اور بیرونی طور پر عالمی تنہائی کا شکار ہوچکا ہے ۔

داخلی محاذ پر مہنگائی ، بے روزگاری ، امن وامان اور ملک کا ہر شہری عدم تحفظ کا شکار ہوچکا ہے ۔ ملک کے انتہائی گہری اور نازک ترین بحرانی صورتحال کے حوالے سے پارٹی کے عظیم رہبر نے شروع دن سے ملک کے اندرونی مسائل کی نشاندہی کی تھی اور آج بھی ہم برملا کہہ رہے ہیں کہ ملک میں قوموں کی برابری ، جمہور کی حکمرانی ، آئین وقانون اور پارلیمنٹ کی بالادستی اور ملک کے تمام اداروں کو پارلیمنٹ کے ماتحت لانا ہوگا۔

آج بھی ملک میں پیوست پشتون علاقوں پر مشتمل پشتون قومی وحدت صوبہ پشتونخوا ، پشتونستان یا افغانیہ کا قیام عمل میں لانا ہوگا اسی طرح ہر قوم کے ثقافت اور قوموں کی مادری زبانوںکو سرکاری دفتری اور کاروباری زبان بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پشتون قومی تحریک کے سرخیل خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے انہی مقاصد کی تکمیل کیلئے ساری زندگی قید وبند میں گزاری ملک کے اندر جمہوریت ، جمہورکی حکمرانی ، قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن ، آئین وقانون کی بالادستی ، پارلیمنٹ کی بالادستی ہی ملک کو چلانے کا راستہ ہے لیکن فوجی آمریت اور آمریت نواز قوتوں نے جمہوریت ، جمہور کی حکمرانی ، قوموں کی برابری کے حقیقی فیڈریشن میں رکاوٹیں آج کے بحرانوں کی جڑ ہے۔

انہوں نے کہا کہ 25جولائی2018کے دھاندلی زدہ الیکشن اور غیر جمہوری قوتوں کی مداخلت اور ہمارے صوبے میں پارٹی کی تشکیل دارصل اس حلف کی خلاف ورزی ہے جو آئین پاکستان کے تحت وہ لے چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن اپنی تمام اختیارات کے باوجود 2018کے الیکشن میں شفافیت قائم نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اس ناز ک ترین صورتحال میں آل پارٹیز ملک کے چاروں دارالخلافوں میں جلسوں کا اعلان کرچکی ہے ۔

اور پارٹی کارکنوں کو دن رات محنت کرکے اس جلسہ عام کو کامیاب بنانا ہوگا اور پارٹی نے اپنے تمام کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ 25جولائی 2019کے جلسہ عام کو کامیاب بنانے میں اپنا مثبت تعمیری کردار ادا کرے۔ انہوں نے تاجر برادری کے کامیاب ترین ہڑتال پر انہیں داد وتحسین پیش کی اور ہڑتال کو حکومت کے خاتمے کا پیش خیمہ قرار دیا ۔ آخر میں قرآن کریم کی ختم پر لنگر تقسیم کیا گیا اور اجتماعی دعا کی گئی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں