دھاندلی زدہ الیکشن کے نتیجے میں سلیکٹڈ نمائندوں کی حکومت ملکی امور چلانے میں ناکام ہوئی ہے، نصراللہ خان زیرے

جمعہ 19 جولائی 2019 23:54

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جولائی2019ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے نے پی بی 31تختانی بائی پاس علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام 25جولائی ایوب اسٹیڈیم کے جلسہ عام کی تیاریوں کے سلسلے میں عوامی اجتماعات اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی زدہ الیکشن کے نتیجے میں سلیکٹڈ نمائندوں کی حکومت ملکی امور چلانے میں ناکام ہوئی ہے ملک میں تاریخ کی سخت ترین مہنگائی ، تاریخ کی بدترین بیروزگاری اور زندگی کے ہر شعبے میں ناکامی رسوائی سے دوچار ہے ۔

اس تمام صورتحال سے نجات کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے زیر اہتمام 25جولائی یوم سیاہ کے طور پر منانے اور ملک بھر میں احتجاجی جلسے منعقد کیئے جائینگے۔

(جاری ہے)

پارٹی کارکن جلسے کی کامیابی کیلئے اپنی محنت کو دن رات جاری رکھتے ہوئے عوام کی بڑی تعداد کو جلوسوں کی شکل میں بروقت جلسہ گاہ پہنچائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بارگزئی ٹائون ، کلی درانی ، گیس روڈ اچکزئی میں عوامی اجتماعات اور کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

جس سے علاقائی سیکرٹری حمد اللہ بڑیچ، محمدنعیم اچکزئی ، نسیم خان ، نذیر خان اچکزئی ، عبدالمحمد کاکا ، عبدالقاہر بارگزئی نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ ملکی کرنسی میں کمی اور ڈالرکی قدر میں اضافے ،آئین وقانون کی پائمالی ، عوام کے منتخب پارلیمنٹ کی بے توقیری کی بحرانی، ملک میں آئی ایم ایف کی من وعن شرائط پر مبنی عوام دشمن بجٹ کو ملک کے 22کروڑ عوام پر مسلط کرنے ، اشیاء زندگی کے استعمال میں بلاجواز ٹیکسوں کے باعث اس وقت تمام عوام بدترین مہنگائی سے دوچار ہے ۔

ملکی حکمرانوں کے نام نہاد وبلند بانگ دعوے صرف اور صرف عوام کو سبز باغ دکھانے کے مترادف ہے جبکہ عملی طور پر کوئی اقدام عوام دوست ثابت نہیں ہوا ۔ مقررین نے کہاکہ آج شہری سراپا احتجاج ہیں نہ پانی نہ بجلی اور نہ گیس میسر ہے پورے صوبے اور بالخصوص کوئٹہ شہر دارالحکومت ہونے کے باوجود اسے پسماندگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے جس کی کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی ۔ اس تمام اذیت ناک صورتحال سے نجات کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے 25جولائی کا جلسہ عام انتہائی اہمیت کی حامل ہے ۔ لہٰذا پارٹی کارکن عوامی رابطہ مہم کے ذریعے 25جولائی ایوب اسٹیڈیم کے جلسہ عام کی تیاریوں کو مزید تیز کرکے زیاد ہ سے زیادہ تعداد میں عوام کی شرکت کو یقینی بنائیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں