انجینئرز کے جائز مطالبات کے حصول کے لئے میں اپنا بھر پور کردار ادا کروں گا،زمرک خان اچکزئی

انجینئرز کے سروس اسٹرکچر مکمل ہونے سے بہت سے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوجائیں گے ، صوبائی وزیر زراعت

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:43

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2019ء) صوبائی وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا ہے کہ انجینئرز کے جائز مطالبات کے حصول کے لئے میں اپنا بھر پور کردار ادا کروں گا انجینئرز کے سروس اسٹرکچر مکمل ہونے سے بہت سے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوجائیں گے اگر پاکستان کے دوسرے صوبوں میںانجینئرز کو یہ سہولیات دستیاب ہیں تو بلوچستان حکومت کو انہیں سہولیات فراہم کرنے میں کوئی قباحت محسوس نہیں کرنی چاہئے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتے کے روز کوئٹہ پریس کلب کے سامنے عدالت روڈ پر بے روزگار انجینئرز کی جانب سے اپنے حقوق کے حصول کے لئے لگائے جانے والے احتجاجی بھوک ہڑتالی کیمپ کے دورے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ حکومت دیگر محکموں کی طرح انجینئرز کے دیرینہ مطالبات اور مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے چند ماہ قبل وزیر اعلیٰ بلوچستان کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں انجینئرز کے دیرینہ مسائل کے حل کے لئے ان کے ٹھوس موقف کی حمایت کی تھی اور کہا تھا کہ اگر انجینئرز کو یہ سہولیات پاکستان کے دیگر صوبوں پنجاب ، سندھ، کے پی کے میں دستیاب ہیں تو بلوچستان حکومت ان کے جائز حقوق کے حصول اور مطالبات کو تسلیم کرنے میں کوئی قباحت نہیں اس لئے ضرورت اس امر کی ہے کہ انجینئرز کے مسائل کو سنجیدگی کے ساتھ حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے چاہئیں اور موجودہ حکومت دیگر محکموں کی بہتری اور ملازمین کے حقوق کے حصول اور عوام کے مسائل کے حل کے لئے بھر پور طریقے سے کام کررہی ہے کیونکہ معاشی مشکلات کو اور مسائل کا سامنا ہے انہیں بہتر طور پر حل کرنے کے لئے حکومت بھر پور کاوشیں کررہی ہے انہوں نے کہا کہ تمام مسائل کا حل بات چیت کے ذریعے ہی ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اور میری کوشش ہے کہ انجینئرز سمیت دیگر ملازمین کے دیرینہ مسائل کو سنجیدگی کے ساتھ حکومت کے ساتھ مل بیٹھ کر حل کریں تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی دور ہو اور انجینئرز کے جو جائز مطالبات ہیں انہیں ہر صورت حکومت پورا کرے گی انہوں نے کہاکہ معاشی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے مختلف مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس لئے مختلف امور کی انجام دہی میں مشکلات درپیش آتی ہے اور ہمیں معاشی صورتحال مختلف فیصلوں میں رکاوٹ پیدا کررہی ہے لیکن حکومت اپنی سنجیدگی اور صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ان مسائل کے حل کو یقینی بناتے ہوئے معاشی صورتحال پر قابو پاکر بلوچستان کے عوام اور ملازمین کے دیرینہ مسائل کے حل کو یقینی بنارہی ہے عوام نے ہم پر جو اعتماد کیا ہے اس پر پورا اتریں گے اور عوام کے تعاون سے بلوچستان کی پسماندگی اور عوام میں پائے جانے والے احساس محرومی کو دور کرتے ہوئے بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

انہوں نے بھوک ہڑتالی انجینئرز کو اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانے کراتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے مسائل کو ہر صورت حل کرکے ان میں پائی جانے والے بے چینی کو دور کرے گی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں