ملک میں اس وقت بدترین معاشی زبوں حالی اور بے یقینی کی غیر تسلی بخش صورتحال ہے،لیاقت بلوچ

منتخب نمائندے ،وفاقی وصوبائی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی،لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے عملی اور فی الفور اقدامات اُٹھائیں ،نائب امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 20 جولائی 2019 22:28

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2019ء) جماعت اسلامی پاکستا ن کے نائب امیر وملی یکجہتی کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ منتخب نمائندے ،وفاقی وصوبائی صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے عوام کو پینے کے پانی کی فراہمی،لوڈشیڈنگ سے نجات دلانے کیلئے عملی اور فی الفور اقدامات اُٹھائیں ملک میں اس وقت بدترین معاشی زبوں حالی اور بے یقینی کی غیر تسلی بخش صورتحال ہے بے روزگاری ومہنگائی کی وجہ سے خون پسینہ ایک کرنے کے باوجود لوگوں کو پیٹ بھر کر کھانا نصیب نہیں ،جبکہ حکومت مزید مہنگائی کی نوید سناتی رہتی ہے۔

جماعت اسلامی کے ذمہ داران جماعت کے پیغام کو گھر گھر تک پہنچانے کیلئے مزید محنت کریں سب ناکام ہوئے امیداب جماعت اسلامی سے ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ کوئٹہ کے دوران سابق امیر صوبہ عبدالمتین اخوندزادہ ،سابق امیر صوبہ مولانا عبدالحق بلوچ مرحوم ،سابق امیر صوبہ عبدالمجید خان مرحوم ،سابق جنر ل سیکرٹری ڈاکٹر فضل الٰہی قریشی ،الخدمت فائونڈیشن کے سابق صوبائی صدر میر محمد عاصم سنجرانی ،الخدمت فائونڈیشن ضلع کوئٹہ کے صدر ڈاکٹر نعمت اللہ کے گھروں میں الگ الگ ملاقاتو ں ،عشائیہ وظہرانے کے موقع پر ذمہ داران اور ان کے خاندان کے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ان کے ہمراہ قائمقام صوبائی امیر ہدایت الرحمان بلوچ ، نائب امراء مولانا عبدالکبیر شاکر ،زاہدا ختر بلوچ،کوئٹہ کے امیر حافظ نورعلی ودیگر ذمہ داران بھی تھے۔

اس موقع پر لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ لوٹ مار وبددیانتی اور نااہلی کی وجہ سے دنیا کے گنا پیدا کرنے والے آٹھویں بڑے ملک کے لوگ 75روپے کلو چینی خریدنے پر مجبور اور چاول پیدا کرنے والے پانچویں بڑے ملک کے عوام کو ایک سو تیس روپے کلو چاول ملتے ہیں ۔آٹے کی قیمت میں ہونے والے اضافہ نے لوگوں کو صبح و شام ایک روٹی پر گزارہ کرنے پر مجبور کردیا ہے۔

حکومت ہرروز عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے ۔جو لوگ اس گھمبیر صورتحال کے ذمہ دارہیں انہوں نے موجودہ و سابقہ حکمران پارٹیوں میں پناہ لے رکھی ہے ۔استحصالی نظام مسلط کرنے والے ظالم جاگیر دار اور کرپٹ سرمایہ دار حکومتی جماعت میں شامل ہوجاتے ہیں۔موجودہ حکومت بھی سابقہ حکمران پارٹیوں اور مشرف کے لوگوں کا مجموعہ ہے ۔حکومت ایسے لوگوں کا مسافر خانہ ہے جن کے کردار ،نظریات اور کلچر میں کوئی فرق نہیں اور وہ سب ایک ہی طبقہ اشرافیہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔

ان لوگوں کے پاس عوام کے مسائل کا کوئی حل نہیں ۔مسائل ومشکلات سے نکلنے کیلئے اخلاص نیک نیتی ضروری ہے حکومت نے عوام کے مسائل میں بدترین اضافہ کیا دوسری طرف نہ لوٹی ہوئی دولت برآمدہوئی ،نہ قرضے لینے والوں سے قرض لیا گیا اور نہ ہی مہنگائی میں کمی یا غریب عوام کو ریلیف دی گئی ہے جماعت اسلامی ہی قوم کیلئے متبادل اور مسائل کو حل کرنے والی پارٹی ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں