جامعہ بلوچستان میں چائنیزاسٹڈی سینٹر کے اختتامی تقریب کا انعقاد جامعہ کے مین آڈیٹوریم میں کیا گیا

منگل 23 جولائی 2019 00:01

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2019ء) جامعہ بلوچستان میں چائنیزاسٹڈی سینٹر کے اختتامی تقریب کا انعقاد جامعہ کے مین آڈیٹوریم میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی چین کے قائم مقام ڈپٹی سفیر جنرل پاکستان زون لیجیان اور اعزازی مہمان خاص ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری تھے۔ جامعہ کے وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اقبال نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا ۔

اس موقع پر چائنیز وفد، اساتذہ، طلباء و طالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھیں۔اختتامی تقریب سے چین کے سفیر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے بلوچستان خاص کر جامعہ بلوچستان کا دورہ بڑی اہمیت کا حامل ہے۔ اور صوبے کے مادر علمی درسگاہ میں چائنیز اسٹڈی سینٹر کا افتتاح دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات کا سمر ہے۔

(جاری ہے)

اوریہ صوبے کے طلبہ کے اعلیٰ تعلیم کے لئے اہم اقدام ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راداری خطے کی ترقی کے لئے بڑی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ جس سے یقیناًً بلوچستان کے لوگ زیادہ سے زیادہ استفادہ کریں گے۔ اور جامعہ بلوچستان کے ساتھ مستقبل میں مختلف تعلیمی منصوبوں کو مشترکہ طور پر فروغ دیا جائے گاجس میں تربیتی، علمی پروگرامز سر فہرست ہیں تاکہ یہاں کے طلبہ ان مواقع سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکیں۔

اور اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اسکالر شپ پروگرامزاور دیگر تعلیمی سرگرمیوں کو پروان چڑھایا جاسکے۔تقریب سے ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میرے لئے یہ اعزاز کا مقام ہے کہ میں اس مادر علمی درسگاہ سے فارغ التحصیل ہوں اور اپنے اساتذہ اور طلبہ کے مابین اپنے خیالات کا اظہار کررہا ہوں۔ جامعہ بلوچستان کا صوبے میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے میں بہت بڑا کردار ہے اور یہاں کے اساتذہ نے ہر مشکل وقت اور حالات میں ثابت قدم رہتے ہوئے علم کی شمع کو روشن رکھا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان خصوصاًً پاکستان مالی حوالے سے مشکل حالات سے گزر رہا ہے اور موجودہ حکومت کا یہ وژن ہے کہ ملک کو اس بحران سے نکال کر ترقی کی جانب گامزن کریں اور اس حوالے سے مختلف اقدامات کئے جارہے ہیں۔ جس کے مستقبل میں دور رس نتائج برآمد ہونگے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے موجودہ حکومت اہم اقدامات کررہی ہے۔ جس کے تحت ملک خصوصاًً بلوچستان کو ترقی سے ہمکنار کیا جائے گا۔

مغربی روٹ اور گوادر ائیر پورٹ کا افتتاح ہوچکا ہے جوکہ ملک کی سب سے بڑی ائیر پورٹ ہوگی۔ اور گوادر میں انرجی پاور پلانٹ مکمل ہورہی ہے جس سے ہمارے نوجوانوں کو روزگار اور اعلیٰ تعلیم کے مواقع میسر ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چائنیر اسٹڈی سینٹر جامعہ بلوچستان اور چین کے اہم کاوشیں ہیں۔ جس سے صوبے کے طلبہ اعلیٰ تعلیم کے تربیتی سرگرمیوں سے بھر پور فائدہ اٹھائیں گے۔

تقریب سے جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان میں چائنیز اسٹڈی سینٹرکا قیام صوبے کے لئے انتہائی اہم ہے۔ جس میں مختلف کورسز کے پروگرامزسمیت چائنیز زبان اور مستقبل میں بی ایس ڈگری پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا۔ اور چائنیز کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں اسکالر شپ پروگرامز، تربیتی و علمی سرگرمیوںکو فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ چین کے مختلف اعلیٰ تعلیمی اداروں میں جامعہ کے چوبیس اسکالرز اعلیٰ تعلیم کے حصول کو ممکن بنا رہے ہیں۔ جس میں چار اسکالرزنے اپنی تعلیم مکمل کر لی ہے۔ کیونکہ جامعہ بلوچستان صوبے کا سب سے قدیمی اور اعلیٰ تعلیمی درسگاہ ہے اور مستقبل میں بھی اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔اس سے قبل چائنیز وفد کو جامعہ بلوچستان کے تعلیمی سرگرمیوں اور مستقبل کے تعلیمی نظام اور چائنیز اسٹڈی سینٹر کے حوالے سے مکمل بریفنگ دی گئی ۔

چائنیز ڈپٹی کونسل جنرل اور ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے چائنیز اسٹڈی سینٹر کا باقاعدہ طور پرافتتاح کیااور سینٹر کے مختلف تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ کلاس روم، لائبریری اور دیگر سہولتوں پر خوشی کا اظہار کیااور وائس چانسلر اور اس کے ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں جامعہ کے وائس چانسلر نے تمام مہمانوں کو جامعہ کی جانب سے یادگاری شیلڈ پیش کیں اور انکا شکریہ ادا کیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں