عیدالاضحی کے موقع پر سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو عید کی نماز سے روکنا باعث شرم ہے ، غزالہ گولہ

انتقامی کارروائیاں عوام پر عیاںہوچکیں، ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے قائدین کو عوام کے حقوق کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کرایا جاسکتا،صوبائی صدر

ہفتہ اگست 21:51

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان خواتین ونگ کی صوبائی صدر غزالہ گولہ کی قیادت میں ہفتہ کو سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے انکی اہل خانہ کی ملاقات نہ کرانے ، رکن سندھ اسمبلی فریال تالپورکو رات کے اندھیرے میں ہسپتال سے جیل منتقل کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر غزالہ گولہ ،پیپلزپارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ، سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،خواتین ونگ کی جنرل سیکرٹری زرینہ زہری ،سیکرٹری اطلاعات نوشین پطرس، کلثوم افتخار ، پروین مینگل، محمودپروین ، حوا شاہوانی اوردیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر سابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو عید کی نماز سے روکنا اورانکے اہل خانہ سے ملاقات نہ کرنا قابل مذمت ہے حکومت اور نیب کی جانب سے پیپلزپارٹی کے قائدین کے خلاف انتقامی کارروائیاں عوام پر عیاںہوچکی ہیں ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے پیپلز پارٹی کے قائدین کو عوام کے حقوق کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کرایا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویداروں نے ہسپتال میں زیرعلاج سندھ اسمبلی کی رکن فریال تالپور کو آدھی رات کو زبردستی ہسپتال سے جیل بھجوانا باعث شرم ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کے دعویدار سلیکٹڈ حکمرانوں کا ایک خاتون کے ساتھ ہتک آمیز رویہ قابل مذمت ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی جانب سے اپوزیشن قائدین کو بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات قائم کرکے جیلوں میں بند کرکے یہ سمجھ لینا کہ وہ عوام پر حکمرانی کر لیں گے یہ انکی بھول ہے اپوزیشن عوام کے حقوق پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریگی۔

مقررین نے بھارت کی جانب سے آزاد جموں کشمیر کی متنازعہ حیثیت ختم کرنے کے فیصلے کو بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی بوکھلاہٹ سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران اور بھارتی فوج ظلم و جبر کے ذریعے کشمیریوں کوا پنے حق خودارادیت کی جدوجہد سے دستبردار نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیری عوام کے لئے ہمیشہ آواز بلند کی ہے اورآئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اورعالمی برادری کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور گزشتہ د و ہفتوں سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے کشمیری عوام کو حق خودارادیت د لانے میں اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔

کوئٹہ شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments