آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ دانشمندانہ

فیصلہ وقت اور حالات کو ملحوظ خاطر رکھ کر کیا گیا ہے جو اہم ضرورت تھا، میر عبدالکریم نوشیروانی

منگل 20 اگست 2019 23:11

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2019ء) بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے وزیراعظم کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں تین سال توسیع کے فیصلے کو دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیصلہ وقت اور حالات کو ملحوظ خاطر رکھ کر کیا گیا ہے جو کہ اہم ضرورت تھا۔

یہاں جاری کئے گئے اپنے ایک بیان میں سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے کہا کہ جنرل قمر جاوید باجوہ بلاشبہ ایک باصلاحیت شخصیت کے مالک ہونے کے ساتھ ساتھ ایک عظیم سپہ سالار بھی ہیں اُنہوں نے ملکی مفاد میں جو کردار ادا کیا ہے وہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں جس سے نہ صرف فوج کا مورال بلند ہوا ہے بلکہ عوام کو بھی اپنے سپہ سالار کی خوبیوں اور صلاحیتوں پر فخر ہے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ موجودہ حالات کے تناظر میں جنرل قمر جاوید باجوہ کی بحیثیت آرمی چیف مدت ملازمت میں توسیع کے دور رس نتائج برآمد ہونگے اور اس فیصلے نے یہ بات بھی ثابت کردی ہے کہ حکومت ، پاک افواج اور پاکستانی عوام ایک پیج پر ہیں اور دُشمن کو اس تقرری سے ایک واضح پیغام گیا ہے جس سے اُس کی صفوں میں تھرتھراہٹ پیدا ہوگئی ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ ملک میں معیشت کی بحالی کا چیلنج ہو یا بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے کردار کو منوانے کی بات ہو آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہر فورم پر اپنا بھرپور سکہ منوایا ہے وزیراعظم عمران خان نے ایک اچھا فیصلہ کرکے دُنیا پر بھی یہ ثابت کردیا ہے کہ ہماری سیاسی قیادت اور پاک فوج ملکی مفاد میں متحد ہیں اور ہر چیلنج کا مقابلہ کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ بھارت جو گیدڑ بھبھکیاں ماررہا ہے ہماری سیاسی قیادات کے اس دانشمندانہ فیصلے کے بعد ہمارے اداروں اور عسکری قیادت کا وقار بھی مزید بلند ہوا ہے جس کے بعد اب اُمید ہے کہ بھارت بھی اپنی ان گیدڑ بھبھکیوں سے باز آجائے گا کیونکہ ان کی آنکھوں میں آنکھیں ڈالنے والی سیاسی اور عسکری قیادت آج بھی ایک پیج پر ہوتے ہوئے انکے ساتھ ہر محاذ پر مقابلے کیلئے تیار ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پوری قوم جنرل قمر جاوید باجوہ اور اپنی پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے وزیراعظم کے اس فیصلے کو قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ ان کیقائدانہ صلاحیتوں کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے تین سال نہیں بلکہ پندرہ سال تک اس عہدے پر برقرار رکھنا چاہیے کیونکہ جنرل باجوہ اور اس سے قبل جنرل راحیل شریف ان دونوں کی قائدانہ صلاحیتوں کو کوئی چیلنج نہیں کرسکتا اور ہمیں کافی عرصے بعد ان دونوں جرنیلوں میں جنرل ایوب خان جیسی صلاحیتیں دکھائی دی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ میں آج یہ نعرہ لگاتا ہوں کہ پاک فوج آگے بڑھے پاکستان کی تمام محب وطن عوام ان کے ساتھ قدم بقدم ہر محاذ پر کھڑے ہونے کو تیار ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں