کسی بھی ترقی یافتہ او ر ترقی پذیر معاشرے میں نوجوانو ں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے،شکیلہ نوید قاضی

نوجوان کی بہتر رہنمائی اور مثبت سمت کے تعین کی بدولت ہی کوئی بھی معاشرہ ترقی کی پائیدار منازل طے کرتا ہے ،بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی کی گفتگو

ہفتہ 19 اکتوبر 2019 00:08

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2019ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کی رکن صوبائی اسمبلی شکیلہ نوید قاضی نے کہا ہے کہ کسی بھی ترقی یافتہ او ر ترقی پذیر معاشرے میں نوجوانو ں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔ نوجوان کی بہتر رہنمائی اور مثبت سمت کے تعین کی بدولت ہی کوئی بھی معاشرہ ترقی کی پائیدار منازل طے کرتا ہے اگر نوجوانو ں کاکردار معاشرے میں مثبت ہوگا تو یقیناًمعاشرہ ترقی کی طرف سفر کرے گا لیکن اگر یہی نوجوان منفی رجحانات کی طرف راغب ہونگے تو معاشرہ زوال کی طرف سفر کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرلز گائیڈ نوشکی کے دورہ بلوچستان اسمبلی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60فیصد سے زائد آبادی (یوتھ) نو جوانوں پر مشتمل ہے، قیام پاکستان سے لیکر ستر سال گزر جانے کے باوجود ہر دور میں نوجوانوں کا کردرا اہمیت کا حامل رہاہے۔

(جاری ہے)

آج کا دور علم کی ترقی اور تحقیقی سرگرمیوں کے عروج کا دور ہے ، طلباء کو نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینا چاہیے تا کہ نوجوان تعلیم کے ساتھ ساتھ دوسری سرگرمیوں میں بھی پیچھے نہ رہیں تعمیر وترقی علم کے مرہون منت ہے اور کوئی قوم علم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔

طلباء اور نوجوان ملک کو سرمایہ ہیں،طلباء ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنے کاعہد کریں۔انہو ں کہا کہ مایوسی اور ناامیدی قطعی ہمارا مقدر نہیں، امید کا دیا جلتا رہنا ہی زندگی کی علامت ہے۔ آج کے اس گھٹن زدہ ماحول میں بھی ہم ارفع کریم اور علی معین نوازش جیسے نوجوان معاشرے کو سونپ رہے ہیں تو یقیناًابھی راکھ کے ڈھیر میں کچھ چنگاریاں خوابیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں طالبات کو پر امن تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لئے قانون ساز اسمبلی میں اپنا بھر پور کردار ادا کرتے رہیں گے

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں