حکومت بلوچستان مالداروں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے،مالداروں میں اچھی نسل کے اونٹ تقسیم کئے جائیں گے ،سیکرٹری لائیو سٹاک

پیر 21 اکتوبر 2019 17:35

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2019ء) سیکرٹری لائیو اسٹاک بلوچستان دوستین جمالدینی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان مالداروں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ اس سلسلے میں بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں مال مویشی کی نسل کو بڑھانے کے لئے مالداروں میں اچھی نسل کے اونٹ تقسیم کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے واشک کے سب تحصیل شاہوگڑھی اسفند آباد نیو جنگیان میں زیر تعمیر کیمل فارم اور سو ل ویٹرنری ڈسپنسری نیو جنگیان کے دورے کے موقع اور مختلف شعبوں کا معائنہ کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ریسرچ ڈاکٹر شاید امین،ڈویژنل ڈائرکٹر قلات ڈاکٹر لیاقت ساجدی،ڈپٹی ڈائریکٹر لائیواسٹاک واشک ڈاکٹر محمد اشرف عیسی زئی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر واشک ڈاکٹر محمد اشرف عیسی زئی نے سیکرٹری لائیو سٹاک بلوچستان کو اپنے ادارے سے متعلق بریفنگ دی۔ سیکرٹری لائیو سٹاک بلوچستان دوستین جمالدینی نے کہا کہ زیر تعمیر کیمل فارم کو مقررہ مدت تک مکمل کیا جائے اور ڈویژنل ڈائریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ سول ویٹرنری ڈسپنسری بسیمہ کا منہدم بلڈنگ کی رپورٹ جلد از جلد پیش کریں تاکہ منہدم بلڈنگ دوبارہ تعمیر کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کا ذریعہ معاش مالداری پر منحصر ہے لیکن حالیہ خشک سالی کی وجہ سے یہاں کے مال مویشی بالخصوص اونٹوں کی نسل کو بہت متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان دیگر شعبوں کی طرح لائیو سٹاک کے شعبے پر بھی خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ یہاں کے مالداروں کی مالی معاونت کے ساتھ ساتھ انکے مال مویشی اور چراہ گاہوں کو تحفظ دیا جا سکے جبکہ کیمل فارم کی وجہ سے یہاں کے مالداروں کی معیشت بڑھنے کے علاوہ ان کے مال مویشیوں کو بروقت علاج ومحالجہ کی سہولت فراہم ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں