بلوچستان لائیو اسٹاک ایکسپو 2019 صوبے کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا ، مٹھا خان کاکڑ

اتوار 17 نومبر 2019 23:10

kکوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 نومبر2019ء) صوبائی مشیر لائیو اسٹاک مٹھا خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بلوچستان لائیو اسٹاک ایکسپو 2019 صوبے کی معیشت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا ، انہوں نے کہا کہ لائیو سٹاک کا شعبہ ہمیشہ سے اہمیت کا حامل رہا ہے ۔ جوصوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے بلوچستان کے رہنے والے صدیوں سے اس شعبے سے منسلک ہیں اور قدیم روایتی طریقے سے گلابانی کے شعبے میں کام کر رہے ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ اس شعبے کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے تاکہ پیداوار کو بڑھا یا جاسکے اور لائیو اسٹاک مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ممکن ہو جو یقینا زرمبادلہ میں بھی اضافے کا باعث ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت لائیواسٹاک کی ترقی اور اسے مزید فعال و موثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کے وژن کے مطابق لائیوسٹاک ایکسپو 2019 کے ذریعے اس شعبے سے منسلک افراد کے ساتھ ساتھ عام آدمی کو لائیو سٹاک کی اہمیت و افادیت اور معاشی ترقی میں اس شعبے کے کردار سے روشناس کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر کی اس شعبے میں دلچسپی خوش آئند ہے اور بلوچستان لائیو اسٹاک ایکسپو 2019 اس شعبے کی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا جس سے اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھنے والو ں کو لائیوسٹاک بلوچستان کے پوٹینشل سے بھی آگاہ کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کہ ایکسپو 2019 کے انعقاد کا بنیادی مقصد سرمایہ کاروں کے اعتماد کو بحال کرنا ہے اور اس مقصد میں ہم کافی حد تک کامیاب بھی ہو چکے ہیں کیونکہ کہ نہ صرف پاکستان بلکہ بیرون ملک سے بھی اس شعبے سے منسلک افراد کوئٹہ پہنچ چکے ہیں اور اپنی رجسٹریشن کا عمل بھی مکمل کر چکے ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں