شاہ زین بگٹی نے این اے 259 کی نشست پر کامیابی حاصل کرلی

منگل 19 نومبر 2019 00:02

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2019ء) جمہوری وطن پارٹی (جے ڈبلیو پی)کے صدر اور مرحوم نواب اکبر خان بگٹی کے پوتے نوابزادہ شاہ زین بگٹی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 259 کی نشست پر دوبارہ پولنگ میں بھی کامیابی حاصل کرلی سرکاری نتائج کے مطابق شاہ زین بگٹی نے 29 پولنگ اسٹیشنز میں 20 ہزار 8 سو 95 ووٹ حاصل کیے جبکہ میاں خان بگٹی نے 2 ہزار 9 سو 54 اور میر طارق محمود نے صرف ایک سو 98 ووٹ حاصل کئے ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں شاہ زین بگٹی اپنی جماعت جمہوری وطن پارٹی کی ٹکٹ پر قومی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہوئے تھے، انہوں نے 22 ہزار 7 سو 87 جبکہ طارق محمود نے 21 ہزار 2 سو 13 ووٹ حاصل کیے تھے حلف لینے کے بعد شاہ زین بگٹی نے وزیراعظم کے انتخاب میں عمران خان کی حمایت کی تھی بعدازاں نواب اکبر خان بگٹی کے قریبی رشتے دار طارق محمود نے دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے شاہ زین بگٹی کے انتخاب کو چیلنج کیا تھاطارق محمود نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)سے شاہ زین بگٹی کا انتخاب کالعدم قرار دینے کی درخواست کی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے ان کی درخواست منظور کرتے ہوئے 29 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ کا حکم دیا تھاتاہم ای سی پی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا گیا تھا تاہم عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا تھاعدالت کی جانب سے فیصلہ برقرار رکھنے کے بعد گزشتہ روز سخت سیکورٹی میں صبح 8 سے شام 5 بجے تک 29 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ ہوئی تھی جو بلاتعطل اپنے مقررہ وقت تک جاری رہی تھی بلوچستان الیکشن کمیشن نے 115 پولنگ بوتھ قائم کیے تھے اور 31 امیدواروں نے دوبارہ پولنگ میں حصہ لیا تھا29 پولنگ اسٹیشنز پر رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 47 ہزار 2 سو 69 تھی، جن میں 27 ہزار 8 سو 99 خواتین اور 19 ہزار 3 سو 70 مرد شامل تھے خیال رہے کہ مقامی انتظامیہ نے 18 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیا تھا تاہم انتخابی عمل کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں