ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آفس کوئٹہ میں من پسند افراد کو غیر قانونی طور پر ٹھیکے دیئے جانے کا انکشاف

قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان، علاقہ مکین پانی کی اسکیمات کے ثمرات سے محروم نیب بلوچستان نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ، ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ٹیکنیکل سمیت پانچ افراد کیخلاف ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر دیا

جمعرات 21 نومبر 2019 18:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2019ء) قومی احتساب بیورو بلوچستان نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آفس کوئٹہ کے افسران کی جانب سے مبینہ طور پر من پسند افراد کو غیر قانونی پر ٹھیکے دیئے جانے اور کرپشن کے زریعے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا نے کے الزامات میں ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آفس کوئٹہ کے ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز ٹیکنیکل سمیت پانچ افراد کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت میںدائرکر دیا نیب کی تحقیقات کے مطابق ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آفس کوئٹہ کے افسران نے ملی بھگت کرتے ہوئے ھزارہ ٹاون کوئٹہ کے لئے منظور پانی کی اسکیمات کے ٹھیکے مروجہ قوانین اور قواعد وضوابط کے برخلاف من پسند افراد کو غیر قانونی طور پر دیے، سال 2015 میں13کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کی گئی پانی کی چھ اسکیموں سے علاقہ مکین چار سال گزرنے کے باوجود ایک بوند پانی بھی حاصل نہیں کر سکے، دوسری جانب کرپٹ افسران کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا۔

(جاری ہے)

کرپشن کیس کی تحقیقات مکمل کر کے نیب نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آفس کوئٹہ محمد عارف بلوچ ، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ آفس کوئٹہ عبدالخالق، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز عبدالنبی، عبدالحمید اور ٹھیکدار اعجاز احمد کے خلاف ریفرنس احتساب عدالت کوئٹہ میں داخل کر دیا ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں