عمران نیازی فرسٹیشن کا شکار ہوچکے ،عمران خان کو2روزہ روحانی دھرنابھی کام نہیں آیا، یقین دہانیوں پر اب یقین نہیں رہا، حافظ حسین احمد

جمعرات 21 نومبر 2019 18:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2019ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ آزادی مارچ نے متحدہ اپوزیشن میں ایک نئی روح پھونک دی ہے، پرامن تحریک کے اثرات ہر سطح پر ظاہر ہورہے ہیں جس کا سب سے بڑا ثبوت عمران نیازی کی فرسٹیشن اور آپے سے باہر ہونا ہے کیوں کہ جن پرتھا تکیہ اب وہی پتے ہوا دینے لگے ہیں جس کی وجہ سے عمران احمد نیازی کو اپنے گھر میں 2دن کا ’’روحانی دھرنا‘‘ دینا پڑا لیکن بار بار کی یقین دہانی کے باوجود انہیں یقین نہیں آرہا ہے، وہ جمعرات کو اپنی رہائشگاہ جامعہ مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے، اس موقع پر حافظ منیر احمد ایڈوکیٹ، حافظ زبیر حسین احمد، مولوی محمد طاہر توحیدی، ظفر حسین بلوچ، ولی اللہ مغیری، مولوی محمد اقبال بادینی، حافظ محمود احمد اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے بیرون ملک جانے کے مسئلہ پر عمران نیازی کی ہوشیاری انکے اپنے گلے پڑ گئی ہے اب وہ عدلیہ کو نشانہ بنا کر اپنے گھسے پٹے بیانیہ کو آکسیجن دینے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، حافظ حسین احمد نے کہا کہ عمران نیازی اور اس کے کابینہ کے ارکان این آر او نہ دینے کا راگ الاپتے رہے لیکن حکومت کے وزیر ریلوے شیخ رشید کے اس بیان نے اس جھوٹ کاپول کھول دیا جب شیخ رشید نے ترنگ میں آکر کہا کہ نواز شریف کے دونوں صاحبزادوں نے برطانیہ کے ذریعے حکومت پر دباؤ ڈالا اور برطانوی سفارتحانہ نے نواز شریف کے بارے خط ارسال کیا تو ہم کیا کرتے۔

یعنی مجبور ہوکر این آر او دیا اس سے پتہ چلا کہ میں مرجاؤں گا این آر او نہیں دونگا دراصل آئی ایم ایف کے بارے میں کہا کہ خودکشی کرلوں گا لیکن آئی ایم ایف نہیں جاؤنگا، جمعیت کے رہنما نے کہا یوٹرن کا مایہ ناز کپتان اپنے کھلاڑیوں کے ہر دعویٰ پر یوٹرن کا شکار ہورہا ہے اب کوئی شخص ان کے دعوؤں اور وعدہ کو سنجیدہ لینے کے لیے تیار نہیں ہے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں