حکومت بلاتاخیر سُودی نظام کے خاتمے کا اعلان کرے، امیر جماعت اسلامی بلوچستان

بجلی اور گیس صارفین سے وصول کیے جانے والے ظالمانہ، بلاجواز اور غیرمنصفانہ ٹیکسز کا فی الفور اور بلاتاخیر خاتمہ کیا جائے، مولانا عبدالحق ہاشمی

اتوار 8 دسمبر 2019 00:02

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2019ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ ملک میں مہنگائی، بیروزگاری حکومتی لوٹ مار،شاہ خرچیوں اور سودی معیشت کی وجہ سے ہے عام آدمی کو ریلیف دینے اور اُسے مہنگائی اور بیروزگاری کے دلدل سے نکالنے کے لیے وفاقی حکومت فی الفور مہنگائی کو ختم کرنے کے لیے واضح روڈ میپ اور پلان آف ایکشن کا اعلان کرے اور بلاتاخیر بنیادی ضروریاتِ زندگی، بالخصوص روزمرہ کھانے پینے کی اشیاء، ادویات کی قیمتوں اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں قابلِ ذکر کمی لاکر انہیں عام آدمی کی قوتِ خرید کے مطابق بنایا جائے۔

سنیٹرسراج الحق نے گزشتہ دن مہنگائی کے حوالے سے سینٹ سیکرٹریٹ میں قراردادبھی جمع کیا ۔مولانا عبدالحق ہاشمی نے مزید کہا کہ بجلی اور گیس صارفین سے وصول کیے جانے والے ظالمانہ، بلاجواز اور غیرمنصفانہ ٹیکسز کا فی الفور اور بلاتاخیر خاتمہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

عام صارفین سے بلوں میں نیلم-جہلم سمیت دیگر تمام غیرضروری ٹیکسز کی وصولی کا خاتمہ کیا جائے۔

عام دوکاندار، ریڑھی بان، چھوٹے تاجر و کاروباری حضرات کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور اُن پر آئے روز نئے نئے ٹیکسز کی بھرمار کرکے اُنہیں ہراساں کرنے کا سلسلہ بھی فی الفور بند کیا جائے۔ خود مشیر خزانہ اعتراف کر چکے کہ سُود کی ادائیگی کو نکال دیا جائے تو مالی خسارہ ختم ہوجاتا ہے۔ اس سے یہ ثابت ہوگیا کہ اللہ اور اُس کے رسولؐ سے جنگ پر مبنی سُودی نظام ہی ملک میں معاشی بحران کی اصل وجہ اور محرک ہے۔

لہٰذا مالی خسارے سے نکلنے اور ملکی معیشت کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے ضروری ہے کہ حکومت بلاتاخیر سُودی نظام کے خاتمے کا اعلان کرے، تاکہ ’’ریاستِ مدینہ‘‘ کی دعویدار حکومت حقیقی معنوں میں ریاستِ مدینہ کے قیام کی طرف پیش قدمی کرسکے۔ موجودہ حکومت کے دور میں جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں پانچ مرتبہ ظالمانہ اضافہ غریب اور مفلوک الحال مریضوں کیساتھ ظلم در ظلم کے مترادف ہے۔

اس لیے یہ ایوان مطالبہ کرتا ہے کہ جان بچانے والی ادویات کی قیمتوں میں غیرضروری اضافہ فوری واپس لیا جائے اور عوام کو علاج معالجے کی بلامعاوضہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ کرپشن، رشوت، بدعنوانی، اقرباء پروری جیسے ناسور کا خاتمہ کیے بغیر کوئی بھی معاشرہ تعمیر و ترقی کی شاہراہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔ اس لیے ان تمام معاشرتی برائیوں کے انفرادی اور ادارہ جاتی سطح پرخاتمہ کے لیے جامع اور قابلِ عمل اقدامات اُٹھائے جائیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں