سبی ریلوے ٹریک کی تعمیر و مرمت اور ٹرینوں کی بحالی کیلئے کوشاںہیں،صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ

پیر 27 جنوری 2020 17:07

سبی ریلوے ٹریک کی تعمیر و مرمت اور ٹرینوں کی بحالی کیلئے کوشاںہیں،صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) بی اے پی کے مرکزی رہنماء صوبائی وزیرپی ایچ ای ،واسا کوئٹہ حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ ہرنائی سبی ریلوے ٹریک کی تعمیر و مرمت اور ٹرینوں کی آمد رفت کی بحالی کیلئے کوشاں ہیں جو رکاوٹیں ہیں جلد دورکریں گے، ہرنائی سبی روڈ اور ہرنائی کوئٹہ روڈ کی تعمیر کو آئندہ پی ایس ڈی پی میں شامل کروں گا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے ہرنائی میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر بی اے پی کے ضلعی صدر و قبائلی رہنماء ملک اسرار الحق ترین ، حاجی ملک محمد رضاء ترین، سابق تحصیل ناظم ملک نواب خان ترین ،ملک غلام محمد ترین،ملک محمد نور اسپانی ترین,حاجی خدائیداد بھٹی، شین گل خان ترین ، ملک ناظر شاہ، بی اے پی کے ضلعی جنرل سیکرٹری عبدالباقی ترین ، ضلعی سنیئر نائب صدر حاجی ملک غلام جان ترین،عبدالناصر ترین ایڈوکیٹ ، سید شادی گل بخاری ، شیرباز ترین اور حاجی جان چیئرمین سمیت مختلف قبائل کے معتبرین موجود تھے۔

(جاری ہے)

حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ ہرنائی سبی ریلوے ٹرین کی دوبارہ بحالی میں سیکورٹی کا ایشو چل رہا ہے جسے دور کرنے کیلئے صوبائی حکومت اور سیکورٹی اداروں کے درمیان رابطہ ہے جلد سیکورٹی فراہم کرکے ہرنائی سبی ریلوے ٹریک کا باقی رہ جانے والا کام مکمل کرکے ٹرینوں کی آمد رفت بحال ہوجائے گی، اس سلسلے میں وفاقی وزیر ریلوے سے جلد ملاقات کروں گا۔

انھوں نے کہا کہ ہرنائی اور سبی کے درمیان روڈ جوکہ صرف35 کلومیٹر ہے اسی طرح ہرنائی کوئٹہ روڈ ہے جوکہ سنگل اور خستہ حال اور حادثات روز کا معمول ہے ہرنائی سبی اور ہرنائی کوئٹہ روڈ کی تعمیر کیلئے آنے والے پی ایس ڈی پی میں شامل کیا جائے گا۔ ہرنائی میں بجلی کا جو بحران ہے اس کی وجہ گریڈ سٹیشن میں لگے ٹرانسفارمر کا اوورلوڈ ہونا ہے جس کیلئے گزشتہ سال بجٹ میں رقم مختص کی گئی، مارچ تک ہرنائی گرڈ سٹیشن میں اپ گریڈیشن کاکام شروع ہوکر ضلع میں بجلی کا بحران ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گا۔

ہرنائی کے علاقے زرغون غر سے نکلنے والی گیس پر ضلع ہرنائی کا حق ہے جس کیلئے بھی وفاقی حکومت اور وزارت گیس و پیٹرولیم سے رابطے میں ہو اور ہرنائی ضلع کو زرغون غر فلیڈ سے گیس کی فراہمی کیلئے کوشاں ہوں۔ انہوں نے کہاکہ ضلع ہرنائی کے عوام قومی اسمبلی کے حلقہ سبی کے ساتھ خوش ہے اور واپس قومی اسمبلی کے حلقہ سبی شامل ہونا چاہتے ہے ہم اس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ ضلع ہرنائی کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہوں اور انتخابی مہم کے دوران جو بھی وعدے کئے تھے مرحلہ وار عمل درآمد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ انتخاب دواضلاع پر مشتمل اور صوبے میں سب سے بڑا صوبائی حلقہ انتخاب ہے اور بدقسمتی سے دونوں اضلاع کی ترقی کیلئے ماضی کی حکومتوں نے کوئی خاطر خواہ توجہ نہ دی جس کی وجہ سے دونوں اضلاع کو مسائل کا سامنا ہے جنہیں حل کرنے میں وقت لگے گا۔

صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ نے کہاکہ میں اور بی اے پی ضلع ہرنائی کے عہدیدار اور کارکن ضلع ہرنائی کے عوام کے اجتماعی مفادات کیلئے ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ہر اول دستے کاکردار اداکرینگے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ آج ضلع کے قبائلی معتبرین اور سیاسی جماعتوں نے جو مطالبات پیش کیے وہ سب جائز اور ضلع ہرنائی کے عوام کا آئینی حق ہے اور ہم ان تمام مطالبات کی بھرپو ر حمایت اور تائیدکرتے ہوئے قبائلی معتبرین اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ ہیں۔

اس موقع پر قبائلی رہنمائوں حاجی ملک محمد رضاء ترین ، سابق تحصیل ناظم ملک نواب خان ترین اور دیگر قبائلی عمائدین نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر حاجی نورمحمد خان دمڑ کی جانب سے ضلع کے قبائلی معتبرین مطالبات کی حمایت کرنے اور تمام مسائل کے حل کیلئے اقدامات کرنے کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں