ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کا بلدیہ ہوٹل کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت

پیر 17 فروری 2020 23:50

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 فروری2020ء) ہزارہ ڈیمو کریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں بلدیہ ہوٹل کے قریب دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں بے گناہ شہریوں،پولیس اہلکاروں،قانون نافذکرنے والے اداروں،دکانداروں کے قیمتی جانوں کے ضیاع اور زخمی ہونے پر دلی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سفاک دہشتگرد خوف وہراس پھیلا کر کوئٹہ شہر کے امن وامان کو تباہ کرنے کے درپے ہیں مگر ایسی کوششوں کو کوئٹہ کے شہریوں نے ہمیشہ اپنی بصیرت اور آگاہی کے ذریعے ناکامی سے دو چار کر کے انسانی ،قومی اور قبائلی اقدار کی پیروی وپاسداری کی بیان میں کہاگیا کہ ہزارہ قوم نے بد ترین نسل کشی اور قتل عام کا دور دیکھا اور ہمیں اچھی طرح معلوم ہے کہ نامعلوم عناصر کے ہاتھوں قتل ہونے کا دکھ اور درد کتنا گہرا اور اذیت ناک ہوتا ہے ہزارہ قوم کو کوئٹہ شہر میں ہونے والے تمام واقعات کا اتنا ہی دکھ اور افسوس ہے جتنا دکھ اور ا فسوس ٹارگٹ کلنگ اور نسل کشی کے واقعات کے دوران ایک ہزارہ فرزند کے بے گناہ ہلاکت کے دوران ہوتی رہی بیان میں ایسے واقعات کو صوبائی حکومت کیخلاف گہری سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن وامان خراب کرنے کے ذمہ دار کسی طرح اس صوبے اور کوئٹہ کے شہریوں کے ہمدرد نہیں ہوسکتے ایسے سفاک عناصر کیخلاف بھر پور ایکشن لے کر ان کے خاتمہ تک شہر کاامن دائو پر لگا دینے کے امکانات برقرار رہیں گے بیان میں دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے تمام افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہار کرتے ہوئے واقعہ کے زخمیوں کی جلد ومکمل شفا یابی کی دعا مانگی گئی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کی مکمل علاج ومعالجے کو سرکاری فنڈ سے ملک کے بہترین ہسپتالوں سے کرا یا جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں