سماجی ترقی کیلئے معیاری تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں،سر دار یار محمد رند

تعلیم سمیت بچوں اور بچیوں کی درست سمت میں رہنمائی، معیاری تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے،وزیر تعلیم بلوچستان

جمعرات 27 فروری 2020 19:18

سماجی ترقی کیلئے معیاری تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں،سر دار یار محمد رند
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 فروری2020ء) صوبائی وزیرِ ثانوی تعلیم و ہائیر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن سردار یار محمد رند نے کہا ہے کہ سماجی ترقی کیلئے معیاری تعلیم کی اہمیت سے انکار ممکن نہیں۔ تعلیم سمیت بچوں اور بچیوں کی درست سمت میں رہنمائی، معیاری تربیت وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ تعلیمی میدان میں تحقیق اور معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔

صوبے میں تعلیمی ترقی کیلئے پرائیویٹ سیکٹر اور ڈونر ایجنسیوں کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ صوبے کے دور دراز علاقوں میں تعلیمی سہولیات کی فراہمی کیلیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تعلیم فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر ظفر اقبال قادر اور پروگریسیو ایجوکیشن نیٹ ورک کے سی ای او ڈاکٹر محمد نجیب خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری ثانوی تعلیم غلام علی بلوچ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں صوبے میں تعلیمی صورتحال اور صوبے میں معیار تعلیم کی بہتری کیلئے اٹھائی گئی حکومتی اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر نے کہا کہ سماجی طور پر ذمہ دار اساتذہ ہی بہترین مستقبل کے ضامن ہیں۔ معاشی استحکام کیلئے معیاری تعلیم کا حصول نہایت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی ترقی معاشی استحکام اور سماجی انصاف کیلئے ضروری ہے کہ تعلیمی شعبہ اپنا قائدانہ کردار ادا کرے۔

سردار یار محمد رند نے کہا کہ سماج میں تبدیلی کیلئے ضروری ہے کہ شرح خواندگی میں اضافہ کیا جائے۔ طلباء و طالبات کی استعداد کار میں اضافے کیلئے لازمی ہے کہ ان میں موجود اعتماد کو مزید بڑھایا جائے۔ طلباء و طالبات کی قائدانہ صلاحیتوں کو آگے لانے اور انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مربوط حکمت عملی لائی جارہی ہے۔ نجی شعبے اور سول سوسائٹی کے اشتراک سے صوبے میں تعلیمی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ تعلیم کی بہتری کیلئے کچھ سخت فیصلے ناگزیر ہیں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں