کرونا وائرس کی ویکسین کی تیاری تک ہمیں اس وباء کے ساتھ رہنا ہے،ڈاکٹر ربابہ بلیدی

معمولات زندگی کی بحالی کیلئے ضروری ہے وباء سے بچنے کیلے حکومت کی جانب سے مروجہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے،پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت

جمعرات 4 جون 2020 00:15

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2020ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کی روک تھام اور دستیاب علاج معالجے کے لیے صوبائی دارلحکومت کوئٹہ کے تمام بڑے اسپتالوں سمیت اندرون صوبہ سہولیات کو اپ گریڈ کیا گیا ہے سول اسپتال کوئٹہ میں جدید طبی سہولیات سے مزین 32 بیڈڈ آئی سی یو اور ایچ ڈی یو قائم کیا جاچکا ہے جس کو جلد فعال کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری صحت بلوچستان دوستین خان جمالدینی اور محکمہ صحت کے آفسران کے ہمراہ سول اسپتال کوئٹہ کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ کورونا وائرس دنیا میں اپنی نوعیت کی پہلین ایسی وباء ہے جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اس ناگہانی وباء سے نمٹنے کیلئے ترقی یافتہ ممالک کی بھی کوئی پیشگی طبی تیاری موجود نہیں تھی اور اچھے خاصے مضبوط میڈیکل اسٹریکچر والے ممالک بھی پریشانی سے دوچار ہوئے تاہم بلوچستان اور پاکستان میں اس وائرس کے باعث اموات کا تناسب ترقی یافتہ ممالک سے کم رہا اور ہمارا طبی ڈھانچہ مریضوں کے تناسب سے کولیپس نہیں ہوا پاکستان کورونا وائرس کے دوسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے اور وباء سے متاثرہ افراد کی ایک غیر معمولی تعداد سامنے آرہی ہے لیکن ہمارا طبی ڈھانچہ ابتک مریضوں کو ریلیف فراہمی کی سکت رکھتا ہے اور طبی سہولیات کو بتدریج بہتر بنایا جارہا ہے پارلیمانی سیکرٹری صحت نے کہا کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی تیاری تک ہمیں اس وباء کے ساتھ رہنا ہے معمولات زندگی کی بحالی کے لیے ضروری ہے کہ اس وباء سے بچنے کے لیے حکومت کی جانب سے مروجہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کورونا وائرس کی موجودہ اور اس کے بعد رونما ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی کی تشکیل پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے کورونا وائرس کے بعد کی معاشی و معاشرتی صورتحال یقینا یکسر تبدیل ہوگی اور آئندہ کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پوری یکسوئی و تندہی سے کام کرنا ہوگا ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ کورونا وائرس نے پاکستان سمیت پوری دنیا میں معمولات زندگی کو تبدیل کرکے رکھ دیا ہے اور اب ہم نے انہی معمولات کو اپنا کر اس موذی وباء سے نمٹنا ہے اس کے لئے شہریوں کو بھی اپنی انفرادی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا پارلیمانی سیکرٹری صحت نے کہا کہ بلوچستان میں کورونا وائرس کے ٹیسٹ اور علاج معالج کی استعداد کار میں اضافے کے لیے اقدامات جاری ہیں اور اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان ذاتی طور پر پیش رفت کا جائزہ لیکر احکامات جاری کرتے ہیں صوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی کی موجودہ صورتحال میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس فرنٹ لائن پر کورونا وائرس سے نبرد آزما ہیں اور انسانیت کی خدمت میں پیش پیش ہیں تاریخ میں شعبہ طب سے وابستہ تمام افراد کو سنہرے الفاظ میں یاد رکھا جائے گا طبی اسٹاف کی خدمات لائق تحسین ہیں اور ہم پر عزم ہیں کہ اس مشکل گھڑی میں عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنا کر کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب رہیں گے ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں