بلوچستان اسمبلی نے ملک سکندرایڈووکیٹ کی لائی گئی تحریک التواء کو نمٹاتے ہوئے اسپیکر اسمبلی کی سربراہی میں 5رکنی کمیٹی تشکیل دیدی

جمعہ 18 ستمبر 2020 02:56

\ کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 ستمبر2020ء) بلوچستان اسمبلی نے قائد حزب اختلاف ملک سکندرایڈووکیٹ کی لائی گئی تحریک التواء کو نمٹاتے ہوئے اسپیکر اسمبلی کی سربراہی میں 5رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ۔گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں باضابطہ تحریک التواء پر بحث کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر ملک سکندرایڈووکیٹ نے کہاکہ صدرمملکت وفاق اور گورنر صوبے کی حکمت عملی رپورٹ پیش کرنے کے پابند ہیں لیکن یہاں اب تک رپورٹ پیش نہیں ہوئی مملکت کے امور کی انجام دہی کیلئے حکمت عملی ضروری ہوتی ہے اسلامی طریقہ زندگی بلدیاتی اداروں کا فروغ ،اقلیتوں کا تحفظ اور دیگر نکات حکمت عملی کے اصول ہیں ان اصولوں کی پاسداری ہونی چاہیے ،حکمت عملی رپورٹ پیش نہ کرناآئین کی خلاف ورزی اور یہ آئین سے غداری کے زمرے میں آتاہے انہوں نے استدعا کی آئینی خلاء کو پرُکرنے کیلئے ایک کمیٹی بنائی جائے آئین کے آرٹیکل29/3کے تحت گورنر کو ہر سال صوبے کے امور سے متعلق رپورٹ پیش کرنی پڑتی ہے لیکن تاحال یہ رپورٹ پیش نہیں ہوئی یہ ایک اہم اور فوری نوعیت کا حامل مسئلہ ہے آئین کا تقاضا ہے کہ صدر اور گورنرز رپورٹ پیش کرینگے کمیٹی کی تشکیل سے آئین کی پاسداری ہوگی جس پر چیئرمین سید احسان شاہ نے اسپیکر بلوچستان اسمبلی کی سربراہی میں کمیٹی کی رولنگ دی کمیٹی میں سے دو ممبران حکومت جبکہ دوممبران اپوزیشن سے ہوںگے ۔

(جاری ہے)

بعدازاں بلوچستان اسمبلی کااجلاس غیرمعینہ مدت تک کیلئے ملتوی کردیاگیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں