پاکستان کو چلانے کا واحد راستہ آئین کی حکمرانی ہے ،کسی کوبھی آئین توڑنے کی اجازت نہیں دینگے ،محمود خان اچکزئی

عوام کے ووٹوں سے منتخب پارلیمنٹ جو ملکی کی داخلہ وخارجہ پالیسیوں سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے قانون سازی کرے طاقت کا سرچشمہ ہے، ملکی سلامتی و بقاء کے لئے تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنے کی ضرورت ہے ،پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین

ہفتہ 26 ستمبر 2020 18:47

پاکستان کو چلانے کا واحد راستہ آئین کی حکمرانی ہے ،کسی کوبھی آئین توڑنے کی اجازت نہیں دینگے ،محمود خان اچکزئی
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 ستمبر2020ء) پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین و سابق رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پاکستان کو چلانے کا واحدراستہ آئین کی حکمرانی ہے کسی کوبھی آئین توڑنے کی اجازت نہیں دیں گے عوام کے ووٹوں سے منتخب پارلیمنٹ جو ملکی کی داخلہ وخارجہ پالیسیوں سمیت دیگر مسائل کے حل کے لئے قانون سازی کرے طاقت کا سرچشمہ ہے، ملکی سلامتی و بقاء کے لئے تمام اداروں کو اپنی حدود میں رہ کر کام کرنے کی ضرورت ہے ،قوموں کو اپنے ساحل وسائل پر حق دیا جائے آل پارٹیز کانفرنس میں مطالبہ کیا ہے کہ بڑی سیاسی جماعتیں سدابہار سیاستدانوں پر پابندی عائد کریں پشتونخواء ملی عوامی پارٹی میڈیا کی آزادی کے لئے ہرحد تک جانے کے لئے تیار ہے ۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو کوئٹہ میں ملک بھر سے آنے والے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کونسل کے ارکان کے اعزاز میں دئیے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

تقریب سے پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار، جنرل سیکرٹری ناصر زیدی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر سابق صوبائی وزراء ڈاکٹر حامد اچکزئی ، عبدالرحیم زیارتوال ، سردار رضامحمد بڑیچ، سابق رکن قومی اسمبلی عبدالقہار ودان سمیت دیگر بھی موجود تھے، پشتونخواء ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پشتونخواء رنگ، نسل، قوم ،مذہب ،مسلک کے تعصب سے پا ک سیاسی جماعت ہے جس نے ملک میںہمیشہ آئین کی بالادستی، جمہوریت کی بقاء، قوموں کے انکے وسائل پر حقوق دلوانے کی جدوجہد کی ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک فیڈریشن ہے جس میں بسنے والی مختلف اقوام کو ایک آئین آپس میں جوڑتا ہے آئین میں ہر شہری کے مساوی حقوق ہیں ہم نے وطن سے محبت اور اس مٹی کے دفاع کا عہد کیا ہے انہوں نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے طویل عرصہ انگریز کی غلامی سے انکار اور پاکستان بننے کے بعد جمہوریت کی جدوجہد کے لئے جیلیں کاٹیں جو کچھ ہمارے اکابرین کہتے تھے آج وہی آوازیں پنجاب اور سندھ سے بھی اٹھ رہی ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو چلانے کا واحد ذریعہ یہاں آئین کی حکمرانی ہے انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی ادارے کے خلاف نہیں اور یہ کہتے ہیں کہ اگر کوئی بھی انسان کسی دوسرے شخص یا ادارے کے لئے اخلاق سے گری ہوئی بات کرے و ہ قابل سزا ہے،ہر ادارے کو سیاسی معاملات میں مداخلت نہ کرنے کے اپنے حلف پر عملدآمد کرنا چاہیے ۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سینیٹ کے بلوچستان حکومت گرانے اور سینیٹ کے انتخابات میں جو کچھ ہوا وہ سب کے سامنے ہے ایک آفیسر نے برملا کہا کہ انہوں نے حکومت گرائی لیکن کسی بھی ادارے یا عدلیہ نے اسکا نوٹس نہیں لیا، سینیٹ کے انتخابات اور چیئر مین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں بھی کروڑوں روپے خرچ کئے گئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیں عدلیہ، پریس، اور کسی بھی ادارے سے زیاد ہ عزیز ہے ہم پاکستان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے تمام اداروں کو آئین کے تحت اٹھائے گئے حلف کی قدر کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد ملک کو سیاسی لوگوں کی ضرورت تھی لیکن سیاسی لوگوں کو غدار قرار دیا گیا سسٹم کو کرپٹ کرکے سب کو چڑھتے سورج کا بچاری بنایا گیا انگریز سے لیکر عمران خان کے دور تک کچھ لوگ کبھی بھی اقتدار سے باہر نہیں رہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں بڑی سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سدا بہار سیاستدانوں پر پابندی عائد کریں ساتھ ہیں جمہوریت کے لئے جان دینے والوں کے لواحقین کو معاوضہ، پی سی او کے تحت حلف نہ لینے والے ججز کو خراج تحسین ،کوڑے کھانے والوں کو قومی ہیرو قرار دیا جائے جبکہ جنہوں آئین کو توڑا اور پی سی او کے تحت حلف لیا انکی مذمت کی جائے ان ججز سے مراعات واپس لی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخواء ملی عوامی پارٹی ملک بھر کے پشتونوں کے متحدہ پشتون یونٹ کی بھر پور جدوجہد جاری رکھے گی پشتون اور بلوچ اپنی زبان پر جانے جاتے ہیں ہم اپنے کئے ہوئے کسی بھی وعدے اور عہد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 6میں غداری کی تعریف کردی گئی ہے جو لوگ آئین توڑنے والوں کا ساتھ دیں وہ بھی غدار ہیں جولوگ اپنے حلف کا پاس رکھیں گے پشتونخواء انہیں دونوں ہاتھوں سے سلام کہے گی ، انہوں نے کہا کہ میڈیا، عدلیہ سمیت ہر ادارے کو اپنے فریم ورک میں رہ کر کام کرنا چاہیے جو بھی اس حد سے باہر نکلے اسکی ہم مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ 20کروڑ عوام کے ووٹوں سے منتخب پارلیمنٹ طاقت کا سرچشمہ ہے اسے داخلی وخارجی سیاست کا فیصلہ کرنا چاہیے اور عوام کے حقوق اور مسائل کے حل کے لئے قانون سازی کرنی چاہیے ،انہوں نے کہا کہ افغانستان ماضی میں دار الامن رہاہے لیکن گزشتہ 4دہائیوں سے وہاں قتل عام جاری ہے ہمارے حکومت کو چاہیے کہ وہ افغانستان میں عدم مداخلت کی پالیسی اختیار کرے اگر ایسانہ کیا گیا تو اسکے خطرناک تنائج برآمد ہونگے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم ملک توڑنا نہیں چاہتے ساحل و سائل پر قوموں کو اختیار دیا جائے ہم کسی کوبھی آئین توڑنے کی اجازت نہیں دیں گے عوام پر بھروسہ کرنے کی ضرورت ہے پشتونخواء ملی عوامی پارٹی میڈیا کی آزادی کی جدوجہد میں انکے ساتھ کھڑی ہے ۔ اس موقع پر پی ایف یو جے کے صدر شہزادہ ذوالفقار ، جنرل سیکرٹری ناصر زیدی نے کہا کہ میڈیا بدترین دور سے گزر رہا ہے آج ہزاروں صحافی بے روزگار ہوچکے ہیں میڈیا اور سیاست کی آزادی لازم و ملزوم ہیں سیاسی جماعتیں واضح چارٹر بنا ئیں اور ماضی کی غلطیوں کو دوبارہ دہرانے سے گریز کیا جائے

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں