پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں کا مشترکہ اجلاس

11اکتوبرکا جلسہ ریلوے ہاکی گرائونڈ چوک پر منعقد کرنے کا فیصلہ ،جلسہ کی کامیابی کیلئے شب وروز محنت اور بھرپور تیاریاں کل سے شروع کرنے کا اعلان

بدھ 30 ستمبر 2020 23:34

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 ستمبر2020ء) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (PDM)میں شامل جماعتوں کا مشترکہ اجلاس پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کی زیر صدارت پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) کے قائمقام صدر ملک عبدالولی کاکڑ ،رکن صوبائی اسمبلی اختر حسین لانگو، عبدالرئوف مینگل ،جمعیت علماء اسلام (ف) کے سیکرٹری اطلاعات عین اللہ شمس ، پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک ، ڈاکٹر عبدالغنی ،نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ ، علی احمد لانگو، فیاض زہری ، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا ، جمال الدین رشتیا، مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر ملک ظاہر کاکڑ ، نصیر خان اچکزئی، عبدالوہاب اٹل ، قومی وطن پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری شیر محمد درانی ،جلیل خان بازئی ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے صوبائی نائب امیر مولانا عصمت اللہ سالم اور پشتونخوامیپ کے رہنمائوں عبدالقہا ر خان ودان، ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، ایم پی اے نصراللہ خان زیرے اور فقیر خوشحال کاسی شریک تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں کے مشترکہ اعلامیہ اور فیصلے کے مطابق 11اکتوبر کوکوئٹہ میں عظیم الشان جلسہ عام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت مولانا عصمت اللہ سالم نے حاصل کی۔ اجلاس میں مختلف جماعتوں کے رہنمائوں کا تعارف کیا گیا اور پھر باقاعدہ اجلاس شروع ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلسہ عام ریلوے ہاکی گرائونڈ چوک پر منعقد ہوگا اور اس کیلئے بھرپور تیاریاں کل سے ہی شروع کی جائینگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جلسے کی کامیابی کیلئے ہمیں شب وروز محنت کرنی ہوگی اور اس سلسلے میں انتہائی منظم انداز میں نظم وضبط کے ساتھ جلسہ گاہ میں کارکنوں اور عوام کی شرکت کو بروقت یقینی بنانا ہوگا۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم کے صوبائی سطح کی کمیٹی کا اجلاس 2اکتوبر کو سہہ پہر 3بجے نیشنل پارٹی کے مرکزی دفتر میں منعقد ہوگا جبکہ ضلعی سطح کے رہنمائوں کا مشترکہ اجلاس یکم اکتوبر کو سہہ پہر 3بجے باچا خان مرکز میں منعقد ہوگا ۔

اجلاس میں عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ کل کا پہلا اجلاس گزشتہ روز کے مرکزی سٹینڈنگ کمیٹی کے فیصلے کے بعد انعقاد کیا جارہا ہے ۔ 17ستمبر کے آل پارٹیز اپوزیشن کے اجلاس میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ سٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں اعلان کیا گیا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا پہلا جلسہ 11اکتوبر کو کوئٹہ میں ہوگا۔

آج کے اجلاس کے انعقاد کا مقصد جلسے کی تیاریوں کو حتمی شکل دینا ہے ۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ 25جولائی 2018کے دھاندلی زدہ زر اور زور کے الیکشن اور اس کے نتیجے میں قائم ہونیوالی حکومت جو کہ خارجی وداخلی ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے اور نااہل اور سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو سیاسی ، معاشی ، آئینی اور سماجی بحرانوں سے دوچار کیا اور عالمی طور پر ملک تنہائی کا شکار ہوچکا ہے۔

اپوزیشن کی سیاسی پارٹیوں نے مسلسل غور وخوض کے بعد سلیکٹڈ سے نجات کیلئے اتحاد قائم کیا ہے اور ملک کو بحرانوں سے نجات ، معاشی دیوالیہ پن کے خاتمے اور عالمی طور پر تنہائی ختم کرنے کا تہیہ کرچکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ملک میں آئین کی بالادستی ، پارلیمنٹ کی سپرمیسی ، جمہوریت کی بحالی،جمہور کی حکمرانی ، ملک کو قوموں کی برابری کا حقیقی فیڈریشن بنانے ،ملک کی داخلہ اور خارجہ پالیسیاں پارلیمنٹ کے اندر طے کرنے کیلئے اپنے عوامی جمہوری آئینی سیاسی جدوجہد کا آغاز کرنے جارہی ہے ۔

اس سلسلے میں صوبہ بلوچستان کے اپوزیشن کے سیاسی جمہوری جماعتوں کو یہ اعزاز بخشا گیا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ بلوچستان کے پارٹیوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اس جمہوری سیاسی جدوجہد کیلئے پارٹیوں کے کارکن عوام کو متحرک کرنے میں اپنا قومی سیاسی جمہوری فریضہ ادا کرتے ہوئے احتجاجی جلسہ عام کو کامیاب بنائینگے۔ اجلاس میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی ترجمان اسد خان اچکزئی اور تاجر عمر خان سلیمانخیل کو اغواء کرنے کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے اسے ایک غیر انسانی عمل قرار دیا اور اس کی بھرپور مذمت کی گئی ۔

اجلاس میں کہا گیا کہ قومی سیاسی جمہوری جماعتوں اور ان کے قیادت کو اس طرح کے منفی ہتکھنڈوں کے ذریعے برحق موقف سے دستبردار کرانا کسی صورت قابل قبول عمل نہیں۔ اسد خان اچکزئی گردوں کے بیماری میں مبتلا ہیں اور گردے کی ٹرانسپلانٹ کی ہوئی ہے لہٰذا حکومت اور ریاست کی ذمہ دارتی بنتی ہے کہ وہ اپنے عوام کی جان ومال کی تحفظ کو پہلی فرصت میں یقینی بنائیں اورپاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتا ہی

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں