قوم پرستوں اور مذہب پرستوں نے عوام اور ملک کے لئے کچھ نہیں کیا ،قاسم خان سوری

پی ڈی ایم کے مقاصد سے عوام باخبر ہے عوام نے پہلے بھی مفاد پرست ٹولے کو رد کیا اب بھی کریں گے،ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی

جمعرات 22 اکتوبر 2020 23:34

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2020ء) ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا کہ قوم پرستوں اور مذہب پرستوں نے عوام اور ملک کے لئے کچھ نہیں کیا ہے پی ڈی ایم کے مقاصد سے عوام باخبر ہے عوام نے پہلے بھی مفاد پرست ٹولے کو رد کیا اب بھی کریں گے۔ پی ڈی ایم میں شامل ایک قوم پرست جماعت نے اپنے دور اقتدار میں صرف اپنے خاندان کو پروموٹ کیا عوام اور صوبے کے لئے کوئی ترقیاتی کام شروع نہیں کرایا۔

یہ بات ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے اپنے دور اقتدار میں عوام اور ملکی ترقی میں کردار کیوں ادا نہیں کیا اپنے دور میں تو ان جماعتوں کو صرف اپنی کرپشن اور چوری کی فکر تھی اس وقت تو یہ عوام کی بات نہیں کررہے تھے جب عوام نے الیکشن 2018ء میں ان جماعتوں کو مسترد کیا اور پاکستان تحریک انصاف کو ووٹ دیا اور وزیراعظم عمران خان کے بیانیے کے ساتھ چل پڑے تو ان مفاد پرست ٹولوں کو اب عوام کی فکر یاد آئی وہ پہلے بھی ناکام تھے اب بھی ناکام ہونگے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بیرون ملک بیٹھ کر ملکی مفادات کے خلاف بیانات دے رہے ہیں اور پاک فوج کے خلاف دوسروں کی زبان بول رہے ہیں ۔ نواز شریف اور آصف زرداری پر کیسز ان ہی کی دور حکومت سے چلے آرہے ہیں۔ چیئرمین نیب ان کے دور حکومت میں آیا ہے اور الزام تحریک انصاف کی حکومت پر لگارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ملک اور فوج کے خلاف بیانیہ کو چھوڑ دیں یہ ملک ہمارے بزرگوں نے بڑی محنت سے بنایا ہے ۔

یہ ملک اور ادارے ہیں تو ہم محفوظ اور آزاد ہیں۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ملک ترقی کی طرف گامزن ہے ۔ کویڈ19 پر جس طرح وزیراعظم نے دانشمندی سے اقدامات اٹھائے ہیں اور وباء پر قابو پایا اس کی پوری دنیا معترف ہے۔ ملک میں مہنگائی کے خلاف کریک ڈائون شروع کردیا ہے ذخیرہ اندوزوں کو معاف نہیں کیا جائے گا ٹائیگر فورس انتظامیہ سے مل کر مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کی نشاندہی کرینگے۔

عوام بھی حکومت کا ساتھ دیں اور ان لوگوں کی نشاندہی کریں جو روزمرہ کی اشیاء کو مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ گزشتہ روز بابائے قوم کے مزار پر جو ہوا اس طرح کے حرکتوں سے پوری دنیا میں ہمارے سرشرم سے جھک گئے پوری دنیا ہم پر ہنس رہی ہے ایک پارٹی کا خود ساختہ لیڈر صاحبہ اور ایک پرچی لیڈر قوم کو ورغلا رہی ہے اور قوم کی جذبات سے کھیل رہے ہیں۔

ان سازشی ٹولوں کو صرف اپنے مفادات عزیز ہے ۔ ملک اور قوم سے کوئی سروکار نہیں۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ ہمسایوں کے ساتھ اچھے تعلقات قائم ہوں۔ پاکستان پرامن افغانستان کے لئے کوشاں ہیں۔ پرامن افغانستان ہی پرامن پاکستان کا ضامن ہے اور پاکستان کی ہمیشہ خواہش رہی کہ افغان حکمرانوں سے اچھے تعلقات قائم کئے جائیں ۔

افغان صدر اشرف غنی ، عبداللہ عبداللہ اوردیگر کو پاکستان کے دوروں کے موقع پر اچھے پیغام دیئے ہیں۔ حزب اسلامی کے لیڈر گلبدین حکمت یار نے گزشتہ روز دورے پر آئے تھے ان سے اچھے ماحول میں ملاقاتیں اور امن کے حوالے سے بات چیت ہوئی آج بھی افغان اولسی جرگے کا سربراہ وفد کے ہمراہ تشریف لا رہے ہیں۔دو طرفہ دوروں سے تعلقات میں استحکام آئے گا اور امن کے مشن میں کامیاب ہونگے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں