اسپیکر میرعبدالقدوس بزنجو غیر جانبدار رہنے میں ناکام رہے ہیں،ملک سکندر خان ایڈوکیٹ

جس طرح ایوان میں یک طرفہ کاروائی چلا کرکے ایوان کے تقدس پامال کیا گیا اسکی مثال نہیں ملتی اسپیکر اخلاقی طور پر مستعفی ہو جائیں بصورت دیگر اپوزیشن ہر اجلاس میں انکے خلاف احتجاج کریگی ،اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی

پیر 26 اکتوبر 2020 23:39

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اکتوبر2020ء) بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک سکندر خان ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ اسپیکر میر عبدالقدوس بزنجو غیر جانبدار رہنے میں ناکام رہے ہیں جس طرح ایوان میں یک طرفہ کاروائی چلا کرکے ایوان کے تقدس پامال کیا گیا اسکی مثال نہیں ملتی لہذااسپیکر اخلاقی طور پر مستعفی ہو جائیں بصورت دیگر اپوزیشن ہر اجلاس میں انکے خلاف احتجاج کریگی ، یہ بات انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے اجلاس کے بعد بلوچستان نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی ، نصر اللہ زیرے ، اختر حسین لانگو، میر اکبر مینگل، احمد نواز بلوچ ، مولوی نور اللہ، زینت شاہوانی ایڈوکیٹ، شکیلہ نوید دہوار کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔

(جاری ہے)

ملک سکند ر خان ایڈوکیٹ، ملک نصیر شاہوانی،نصر اللہ زیرے نے کہا کہ اسمبلی اجلاس میں پی ڈی ایم کے خلاف مذمتی قرار داد لائی گئی جس پر اسپیکر نے رولنگ دی کہ حکومت اور اپوزیشن دونوں قرار داد پر بات کریں گے پہلے حکومتی ارکان نے بات کی جس کے بعد اپوزیشن رکن اختر حسین لانگو نے بات شروع کی حکومت نے ہنگامہ آرائی کی اور اسپیکر نے اپنی ہی رولنگ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یک طرفہ طور پر ہمارے احتجاج کے دوران قرار داد کو منظور کرلیا انہوں نے کہا کہ اسپیکر ایوان کے محافظ ہیں وہ ایوان کے ووٹوں سے منتخب ہوتے ہیں نہ کہ سرکاری ملازم ہیں اسپیکر غیر جانبداری برقرار رکھنے میں ناکام ہوگئے ہیں لہذا انہیں مستعفی ہو جانا چاہیے، انہوں نے کہا کہ حکومتی جماعت عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر اصغر خان اچکزئی کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے ایوان میں آئین کی بالا دستی، قانون کی حکمرانی ،ووٹ کی عزت اور حکومت کی کرپشن کے خلاف بات کی لیکن اسپیکر نے تمام پارلیمانی روایات کو بلڈوز کرتے ہوئے حکومت کا ساتھ دیا جو ناقابل قبول ہے یہ تاریخ کا سیا ہ ترین واقعہ ہے جسکی بھر پور الفاظ میں مذمت اور واضح کرتے ہیں کہ اپوزیشن کا اجلاس بلا کر اسپیکر سے متعلق فیصلہ کریں گے ، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اسپیکر کے خلاف ہراجلاس میں احتجاج کریگی اپوزیشن پاک فوج کے خلاف نہیں ہے فوج ہماری محافظ لیکن حکومت اپنی کرپشن چھپانے کے لئے فوج کے نام کی آڑ میں چھپنا چاہتی ہے حکومت کی وجہ سے ادارے بدنام ہورہے ہیں اس حکومت کو حکمرانی کا کوئی حق حاصل نہیں ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں غربت، مہنگائی، بد امنی ، احساس محرومی بڑھ رہے ہیں ایسی صورتحال میں پی ڈی ایم صوبے اور ملک کو حکومت سے نجات دلانے نکلی ہے ہماری تحریک مرحلہ وار چلے گی لیکن یہ بات طے ہے کہ حکومت نے جانا ہے، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اور اپوزیشن ووٹ کو عزت دو کے نعرے پر قائم و دائم ہے

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں