کیچ سے برطرف 114اساتذہ کی بحالی کے لئے سمری چیف سیکرٹری کو ارسال کردی گئی ہے،میر ظہور بلیدی

آئندہ چند روز میں سمری منظوری کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان کو ارسال کردی جائے گی ،صوبائی وزیر خزانہ

جمعرات 29 اکتوبر 2020 23:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اکتوبر2020ء) صوبائی وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی نے کہا ہے کہ کیچ سے برطرف 114اساتذہ کی بحالی کے لئے سمری چیف سیکرٹری کو ارسال کردی گئی ہے آئندہ چند روز میں سمری منظوری کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان کو ارسال کردی جائے گی اور یہ اساتذہ بحال ہوں گے ۔ وہ گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن رکن کے نکتہ اعتراض پر بات کررہے تھے ۔

اجلاس میں بی این پی کے پارلیمانی لیڈر ملک نصیر شاہوانی نے ایوان کی توجہ کیچ سے برطرف کئے گئے اساتذہ کی جانب مبذول کراتے ہوئے کہا کہ ان اساتذہ کوغیرحاضری کو جواز بنا کر نکالا گیا ہے یہ اساتذہ کوئٹہ پریس کلب کے باہر احتجاج پر بیٹھے ہیں ان کا مسئلہ فوری حل کیا جائے ، پاکستان نیشنل پارٹی کے سید احسان شاہ نے کہا کہ ان اساتذہ کا مسئلہ میں پہلے بھی ایوان میں اٹھا چکا ہوں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے ان اساتذہ سے ملاقات کرکے مسئلے کے حل کی یقین دہانی کرائی ہے اور ڈپٹی کمشنر کیچ کے روبرو بھی یہ اساتذہ پیش ہوئے ہیں ضلعی انتظامیہ نے انکوائری رپورٹ محکمہ تعلیم کو ارسال کی ہے ان سفارشات پر عمل کرکے انہیں بحال کیا جائے انہوںنے سوال کیا کہ ان اساتذہ کو چھ ماہ کی غیرحاضری کو جواز بنا کر نکالا گیا ہے حالانکہ انہیں جب نکالا گیا تو وہ اسی مہینے کی تنخواہ بھی وصول کرچکے تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ میر ظہور بلیدی نے کہا کہ ان اساتذہ کی بحالی کے لئے سمری چیف سیکرٹری کو ارسال کردی گئی ہے آئندہ چند روز میں یہ سمری وزیراعلیٰ کو ارسال کردی جائے گی اور ان اساتذہ کو ایک ہفتے کے اندر بحال کردیا جائے گابعدازاں ڈپٹی سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے سیکرٹری اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ سیکرٹری ایجوکیشن کو مراسلہ لکھ کر ان سے رپورٹ لیں ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں