صوبے کے جنوبی اضلاع کی طرح شمالی اضلاع کے لئے بھی خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے،اپوزیشن ارکان کا اسمبلی اجلاس میں مطالبہ

شمالی بلوچستان کے لئے بھی پیکج فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے آئندہ ایک دو ماہ کے دوران باقاعدہ اس کا اعلان کردیا جائے گا،حکومتی ارکان اسمبلی

منگل 24 نومبر 2020 23:33

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان نے مطالبہ کیا ہے کہ وزیراعظم نے بلوچستان کے پشتون اور شمالی علاقوں کو نظر انداز کیا ہے صوبے کے جنوبی اضلاع کی طرح شمالی اضلاع کے لئے بھی خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے جبکہ حکومتی ارکان کا کہنا ہے کہ شمالی بلوچستان کے لئے بھی پیکج فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے آئندہ ایک دو ماہ کے دوران باقاعدہ اس کا اعلان کردیا جائے گا۔

یہ بات انہوں نے منگل کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں کہی، بلوچستان اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی سپیکر سردار بابرخان موسیٰ خیل کی زیر صدارت ایک گھنٹہ کی تاخیر سے شروع ہوا۔ اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے رکن اصغرعلی ترین نے کہا کہ وزیراعظم نے تربت کے حالیہ دورے کے موقع پر جنوبی بلوچستان کے لئے چھ سو ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا اعلان کرکے پشتون اضلاع کوکو نظر انداز کیا ہے پشتون اضلاع کے لئے بھی خصوصی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے انہوںنے کہا کہ رواں سال کی پی ایس ڈی پی میں بھی فنڈز کی منصفانہ تقسیم نہ ہونے سے ہمارے علاقے ترقیاتی عمل سے محروم ہیں ہمارے حلقوں میں بھی تعلیم ، صحت اور دیگر سہولیات کا فقدان ہے یہ علاقے بھی حکومت کی توجہ چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

جے یوآئی کے یونس عزیز زہری نے کہا کہ ہمیں وفاقی حکومت کے اعلانات پر یقین نہیں رکھنا چاہئے انہوںنے پہلے جو اعلان کئے ہیں انہیں کو نسا پورا کیا ہے چھ سو ارب میں سے چھ ارب مل جائیں تو بھی بڑی بات ہوگی۔ پشتونخوا میپ کے رکن نصراللہ زیرئے نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے ہرمعاملے پر یوٹرن لیتی ہے جنوبی بلوچستان پیکج کا اعلان کرکے پشتون علاقوں کوالگ رکھاگیا اس سے ہمیں کیا تاثر دیا جارہا ہے موجودہ حکومت کے دور میں کوئی بڑا اور قابل ذکر منصوبہ شروع نہیں ہوا اوستہ محمد کے لوگ پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کے لئے طویل لانگ مارچ کرکے کوئٹہ آئے ہیں اور یہاں وہ گزشتہ سترہ دن سے سراپااحتجاج ہیں حالانکہ وہاں کے نمائندے انگریزکے دور سے لے کرقائد اعظم محمد علی جناح اور موجودہ حکومت تک سب کے ساتھ رہے ہیں اور آئندہ بھی حکومتوں کے ساتھ رہیں گے۔

انہوںنے کہا کہ کوہلو میں سلنڈر دھماکے میں زخمی ہونے والے بچوں کے لئے حکومت نے اب تک معاوضوں اور امداد کا اعلان نہیں کیا متاثرہ خاندانوں کا مطالبہ ہے کہ زخمی بچوں کا علاج معالجہ کراچی کے اچھے ہسپتال میں کرایا جائے۔وزیر زراعت انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے شمالی بلوچستان کے لئے بھی پیکج فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے آئندہ ایک دو ماہ کے دوران باقاعدہ اس کا اعلان کردیا جائے گاوزیر خزانہ ظہور بلیدی نے بھی وزیراعظم سے ہونے والی ملاقات میں ہمارے اس موقف کی تائید اور حمایت کی ہے انہوںنے کہا کہ بلوچستان کے تمام علاقے پسماندہ ہیں موجودہ حکومت تمام علاقوں پر یکساں توجہ مرکوز کرکے ترقیاتی عمل کو جاری رکھا گیا ہے پچاس سالہ تاریخ میں موجودہ پی ایس ڈی پی میں تمام اضلاع میں سکولز ، کالجز ، شاہراہیں ، ڈیمز ، ریزیڈینشل کالجز اور دیگر منصوبوں پر کام جاری ہے موجودہ حکومت سابقہ ادوار کے منصوبوں کو بھی مکمل کررہی ہے انہوںنے کہا کہ ہم بلوچستا ن کے ساحل او روسائل اور حقوق کی بات کرتے ہیں اس حوالے سے وزیراعلیٰ جام کمال خان نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے واک آئوٹ تک کیا جس پر میںنے اور ظہور بلیدی نے باقاعدہ پریس کانفرنس بھی کی انہوںنے کہا کہ ہم نے ہمیشہ صوبے کے مسائل کے حل کے لئے کردار اد اکیا ہے اور اس حوالے سے وفاق میں صوبے کا موقف اچھے طریقے سے پیش کیا ہے انہوںنے کہا کہ پہلی دفعہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کے لئے زیادہ حصہ رکھا گیا ہے۔

صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی نے کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کو انفراسٹرکچر ،ہسپتالوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت ہے 2010ئ سے شروع ہونے والی انسرجنسی میں تربت اور گوادر کے علاوہ جنوبی بلوچستان کے باقی علاقوں میں ایک سڑک تک نہیں بنی ہے آئے روز تعمیراتی کمپنیوں کے سازمان کو نذر آتش کیا جاتا رہا ان علاقوں کی ترقی کے لئے وزیراعظم کے اعلان کردہ پیکج کا خیر مقدم کرتے ہیں انہوںنے کہا کہ وفاقی پی ایس ڈی پی میں ڑوب تا کچلاک ،کوئٹہ ، زیارت چمالنگ سمیت دیگر منصوبوں کے لئے فنڈز رکھے گئے ہیں ہم نے مل کر بلوچستان کی ترقی کے لئے کام کرنا ہے وزیراعظم نے یقین دہانی کرائی ہے کہ باقی اضلاع کے لئے بھی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں