موجودہ حکومت نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں انتہائی دور رس نتائج پر مبنی اقدامات کو عملی جامہ پہنا رہی ہے،عبدالخالق ہزارہ

بدھ 25 نومبر 2020 23:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) صوبائی مشیر کھیل ثقافت،چیئرمین ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت جام کمال خان کی قیادت میں نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں انتہائی دور رس نتائج پر مبنی اقدامات کو عملی جامہ پہنا رہی ہے جسکی واضح مثال صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بین الاقوامی سکواش کے کھلاڑیوں کی بلوچستان آمد اور بہترین کھیل پیش کرنے کا اعادہ اس امر کی نشاندھی کرتا ہے کہ صوبے میں امن امان کی مکمل بحالی اس کا واضح ثبوت ہے کہ صوبے میں نیشنل اور انٹرنیشنل پلیئرز آکر اپنا کھیل پیش کر رہے ہیں جس کا سہرا قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص پاک فوج کی مرہون منت ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان انٹرنیشنل سکواش لیگ 2020 کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری کھیل میر عمران گچکی، چیئرمین BISL پرنس آغا عمر، کھلاڑیوں اور شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی مشیر کھیل نے کہا کہ بلوچستان انٹرنیشنل سکواش لیگ 2020 کا انعقاد صوبے کے لئے اعزاز ہے اس ایونٹ کے انعقاد سے بلوچستان کے عالمی سطح پر امیج کو بہتر انداز میں سامنے لایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی اسپورٹس دوستی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت صوبے میں کھیلوں کے فروغ نیشنل اور انٹرنیشنل ایونٹس کے انعقاد اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان کو تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے سلسلے میں سینکڑوں منصوبے جاری ہیں جن کی تکمیل سے صوبے کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو صحت مندانہ اور بہترین ماحول مل سکے گا انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل سکواش ایونٹ سمیت دیگر کھیلوں کے مقابلوں سے جہاں کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ملتا ہے وہی صوبے کا مثبت چہرہ بھی دنیا کے سامنے آشکار ہوگا انہوں نے کہا کہ ماضی میں صوبے کو نہ صرف جہالت اور اندھیروں میں رکھا گیا تھا جس سے صوبے کے نوجوانوں اور کھلاڑیوں کو اس شعبے میں نقصان کا سامنا کرنا پڑا لیکن موجودہ حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں انقلابی اقدامات اٹھاتے ہوئے کھیل سمیت تمام شعبوں کو یکساں ترقی دے رہی ہے جس کے مثبت اثرات ہمارے معاشرے صوبے اور نوجوان نسل پر پڑھ رہے ہیں جوکہ مستقبل میں صوبے کی تعمیر ترقی کے لیے بے حد ضروری ہے انہوں نے کہا کہ سکواش میں ہمارے صوبے میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کے انعقاد سے صوبے میں سکواش کا کھیل مزید فروغ پائے گا اور ہمارے کھلاڑی انٹرنیشنل ایونٹس میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کریں گے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں