کتے کے کاٹے کی ویکسین کی جعلی خریداری ،کروڑوں روپے کی کرپشن کاالزام ،ڈی جی ہیلتھ شاکر بلوچ اور ایم ایس شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال گرفتار

پیر 30 نومبر 2020 16:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2020ء) کتے کے کاٹے کی ویکسین کی جعلی خریداری اور اُس میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے الزام میں نیب نے ڈی جی ہیلتھ شاکر بلوچ اور ایم ایس شیخ خلیفہ بن زید ہسپتال عبدالغفار بلوچ کو ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر گرفتار کر لیا۔قومی احتساب بیورو بلوچستان کی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے ویکسین کی جعلی خریداری کیس کی تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ڈی جی ہیلتھ شاکر بلوچ نے قانون کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے دو لاکھ چوالیس ہزار انجیکشن خریدنے کی غیر قانونی منظوری دی اور بعد ازاں دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو نقصان پہنچاتے ہوئے من پسند ٹھیکیداروں کو 40 کروڑ روپے سے زائد کی غیر قانونی ادائیگی بھی کر دی، جبکہ کیس میں گرفتار ایم ایس شیخ زید ہسپتال عبدالغفار بلوچ نے 6 کروڑ سے زائد کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر دیکر مالی فوائد حاصل کئے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں نیب بلوچستان نے ایم ایس ڈی ڈیپارٹمنٹ میںبڑے پیمانے پر خرد برد میں ملوث عناصر کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے دیگر ملزمان سابق ایڈیشنل ڈا ئر یکٹر ایم ایس ڈی ڈا کٹر ذوالفقار علی بلوچ نے میڈیکل ٹیکنیشن اینڈ پروپرائیٹر علی عمر انٹر پرائیزز ، خالد بھٹی اور فقیر حسین کو بھی گرفتار کیا ہے ۔اب تک کی تحقیقات کے مطابق ڈی جی ہیلتھ شاکر بلوچ ودیگر ملزمان نے قانون کی آنکھ میں دھول جھونک کر ملی بھگت سے تقریبا 40 کروڑ سے زائد کی خطیر رقم اینٹی ریبیز انجکشن خریداری کی مد میں وصول کرکے اپنے جیبوں کی نظر کر لی۔

سرکاری اسٹور کے معائنے سے یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ انجکشن کی خریداری کی رقم ایڈوانس میں وصول کی گئی جب کہ سپلائی صرف سرکاری کاغذوں میں دکھائی گئی۔ کیس میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔

متعلقہ عنوان :

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں