ڈی ایچ اے کوئٹہ اہلیان بلوچستان کے لئے مثالی رہائشی منصوبہ ہے ،بریگیڈیئر (ر)شہزادہ شاہد نواز

صحت،تعلیم،تفریح اور سیکورٹی و دیگر تمام سہولیات دستیاب ہوں گی، ایڈمنسٹریٹر ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ ای)کوئٹہ

منگل 1 دسمبر 2020 23:39

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2020ء) ایڈمنسٹریٹر ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ ای)کوئٹہ بریگیڈیئر (ر)شہزادہ شاہد نواز نے کہا ہے کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ اہلیان بلوچستان کے لئے مثالی رہائشی منصوبہ ہے جہاں صحت،تعلیم،تفریح اور سیکورٹی و دیگر تمام سہولیات دستیاب ہوں گی، منصوبے کے لئے درکار اراضی کے حصول کیلئے پہلے کسی کے ساتھ زور زبردستی کی ہے نہ اب ایسا کریں گے،صوبے کی عوام اور سرمایہ کار منصوبے سے مستفید ہونے کے لئے آگے آئیں، بارہ رویہ ایکسپریس وے پر کام شروع ہو چکا بہت جلد سیکٹر اے کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی کام شروع کر دیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل بریگیڈیئر شہزادہ شاہد نواز اور ان کی وفد میں شامل افراد کو چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے پیٹرن ان چیف غلام فاروق خلجی،سنیئر نائب صدر حاجی عبداللہ اچکزئی،نائب صدر حاجی اختر کاکڑ و دیگر نے خوش آمدید کہا۔

اس موقع پر غلام فاروق خلجی کا کہنا تھا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان روز اول سے ہی صوبے میں قانونی تجارت کے فروغ اور صنعت و تجارت کی ترقی میں فعال کردار ادا کرتا رہا ہے اس کے 12 ہزار رجسٹرڈ ممبران کا شعاراور اولین مقصد ملک اور صوبے کی خدمت ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے کوئٹہ کا منصوبہ حقیقت کا روپ دھار چکا ہے،جس کے لئے اراضی اور دیگر کا بندوبست ہو چکا اس منصوبے سے صوبے میں کاروبار سے وابستہ افراد اور عوام کو معاشی خوشحالی ملے گی ،ہمیں خوشی ہے کہ مقامی لوگوں نے اس رہائشی منصوبے کو خوش آمدید کہا ہے،انہوں نے کہا کہ یہ ایک رہائشی منصوبہ ہے جسے مقامی صنعتکاروں،تاجروں اور عام عوام کو رہائش،تعلیم ،صحت اور تفریحی کے مواقع میسر آئیں گے۔

انہوں نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران پر زور دیا کہ وہ اس مثالی منصوبے کا حصہ بنے اور جوائنٹ وینچر کے لئے آگے آئیں۔اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی کوئٹہ بریگیڈیئر شہزادہ شاہد نواز نے کہا کہ ڈی ایچ اے ایک رہائشی منصوبہ ہے جو بلوچستان کے عوام کے لئے ہی بنا یا جا رہا ہے ملک کے دوسرے شہروں سے زیادہ اس کی کوئٹہ میں زیادہ ضرورت محسوس کی جا رہی تھی میری نظر میں یہ ایک رہائشی منصوبہ ہی نہیں بلکہ تمام تر سہولیات کا منبع ہے جہاں عوام کو صحت،تعلیم،تفریح اور دیگر تمام تر سہولیات میسر آئیں گی اس منصوبے میں 50 سے 70 ہزار گھر تعمیر ہوں گے جس میں وقت لگے گا تاہم رہائشی سیکٹرز اور دیگر ترقیاتی منصوبوں پر جلد کام شروع ہو گا،انہوں نے کہا کہ لوگ ڈی ایچ اے کے متعلق منفی پروپیگنڈوں پر کان نہ دھریں ہم یقین دلاتے ہیں کہ یہ منصوبہ بلوچستان کی عوام کے لئے ہی ہے اس لئے عوام اور سرمایہ کار اس منصوبے اور موقع سے فائدہ اٹھائے،انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے کے لئے 6ہزار ایکڑ اراضی خریدی جا چکی ہے ہم نے اراضی کے لئے پہلے کسی کے ساتھ زور زبردستی کی ہے نہ اب ایسا کریں گے ڈی ایچ اے نے کسی بھی مسئلے پر کسی شخص کے خلاف کوئی آئینی درخواست بھی فائل نہیں کی،انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کی عوام ،سرمایہ کاروں،لینڈ پرو وائڈرز و دیگر کے شکر گزار ہیں جن کا تعاون ہمیں ہر وقت حاصل رہا،انہوں نے کہا کہ اس وقت تک جتنی اراضی خریدی جا چکی ہے اس پر 6 سے 7 سال تک ہم بلا تعطل کام جاری رکھ سکتے ہیں جن لوگوں کی اراضیات ڈی ایچ اے کے حدود میں ا رہی ہیں ان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارہ رویہ ایکسپریس وے پر کام کا آغاز ہو چکا سیکٹر اے و دیگر کے تعمیراتی منصوبوں پر جلد کام شروع کیا جائے گا بلکہ ہماری کوشش ہے کہ دو سے تین سال میں لوگوں کو رہائشی و دیگر سہولیات میسر آنا شروع ہو۔ان کا کہنا تھا کہ منصوبے میں پانی،بجلی اور روزمرہ استعمال کی دیگر ضروریات کے لئے 50 سالہ منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ اے کے ریٹس دیگر اسکیمات کے مقابلے میں انتہائی مناسب اور کم ہیں۔

میں دعوت دیتا ہوں کہ مقامی سرمایہ کار،چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران ہمیں منصوبے سے متعلق اپنی تجاویز اور آراء دیں تاکہ منصوبہ بہتر سے بہترین ہوں۔انہوں نے کہا کہ ہم مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے لئے تیار ہیں تعمیراتی کام و دیگر میں مقامی کمپنیوں کو ترجیح دی جائے گی۔یہ منصوبہ خوشحال بلوچستان کی طرف ایک اور اہم قدم ثابت ہوگا۔

اس سے قبل کرنل اعجاز ،کرنل افتخار کاکڑ نے منصوبے کے خدو خال سے متعلق پروگرام کے شرکاء کو آگاہی دی اور کہا کہ منصوبہ میں رہائش،تعلیم،صحت،تفریح،سیکورٹی و دیگر کے مثالی انتظامات سے مزین ہوگا جس کی وجہ سے صوبے کی عوام کو صحت،تعلیم کی معیاری سہولیات کے حصول کے لیے دوسرے صوبوں کی طرف نہیں دیکھنا ہوگا۔ہمارے دروازے عوام چھوٹے بڑے سرمایہ کاروں کے لئے ہر وقت کھلے ہیں۔تقریب کے آخر میں ایڈمنسٹریٹر ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے )کوئٹہ کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں