پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے یہ فوری واپس لیا جائے ،سردارسربلند جوگیزئی

پٹرول قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا جس سے غریب عوام کی مشکلات میں مزیداضافہ ہوگا،ترجمان پیپلز پارٹی بلوچستان

ہفتہ 16 جنوری 2021 17:26

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے ترجمان سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے عوام پریشان ہیں اور ملک کی معیشت روز بروز تباہی کی طرف جارہی ہے ،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے یہ فوری واپس لیا جائے پٹرول قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا طوفان آئے گا جس سے غریب عوام کی مشکلات میں مزیداضافہ ہوگا۔

یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں کی جانب سے رواں ماہ دو مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام کے ساتھ دشمنی کے مترادف ہے۔ترجمان نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے غربت ،مہنگائی اور بیروزگاری کے مارے 22کروڑ عوام کی کمر ٹوٹ جائے گی اور عوام کے چولہے ٹھنڈے ہوجائیںگے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ ایک طرف قیمتوں میں اضافہ ،دوسری طرف گیس ،بجلی کی شدید قلت عوام کو بدحال اور خودکشیوں پر مجبور کردے گی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے روز مرہ استعمال کی تمام اشیاء عام آدمی کی دسترس سے دور ہوجائیںگی ۔

ترجمان نے کہا کہ سلیکٹڈ حکمرانوں نے ملک کے اثاثے ضبط کرانے کے ساتھ عوام پر مہنگائی کا ایک اور بم گرا دیاپیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل برداشت ہے یہ فوری واپس لیا جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں