ملک کی بقاء صرف فلاحی ریاست کے قیام سے ممکن ہے جو جمہوریت کے زریعے حاصل کیا جاسکتا ہے،ڈاکٹر مالک بلوچ

بدقسمتی سے ہمارے ملک میں آئین و قانون کو مفادات کیلیے بے توقیر کردیا جاتا رہا ہے،عوام کو جمہوری قوتوں کے ساتھ ملکر نظام کی تبدیلی کیلیے جدوجہد کرنی چاہیے،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان

ہفتہ 23 جنوری 2021 23:48

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) نیشنل پارٹی کے سربراہ و سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ میں مزید اضافہ صوبے کو مکمل تاریکی کا شکار کردیا ہے۔دھقان زمیندار اور زراعت سے وابستہ ہر شخص کی زندگی کو اندھیرے میں تبدیل کردیا گیا۔دوسری طرف بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرکے عوام کا خون نچوڑا جارہاہے۔

ایک طرف بجلی کی لوڈ شیڈنگ کرکے زرعی شعبے سے منسلک عوام کو دوسری طرف بارڈر ٹریڈ سے وابستہ عوام کی چولہے کو بند کیا گیا ہے۔نیشنل پارٹی بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کی مذمت اور قیمتوں میں اضافہ کو مسترد کرتی ہے۔بلوچستان تعمیر وترقی کے حوالے سے حکمرانوں کی ایجنڈے میں شامل ہی نہیں رہا ہے۔

(جاری ہے)

70 سالہ تاریخ صرف ناانصافیوں اور بلوچستان کے وسائل لوٹنے کی داستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی ناقص گورننس اور بصیرت سے عاری پالیسیوں کے بدولت آج ملک زمانہ قدیم کی معاشی پسماندگی و لاچارگی کو پیش کررہا ہے آئے روز بجلی گیس پیڑول اور خوردنی اشیاء کی قیمتوں میں اضافے نے عوام کو زمین بوس کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستیں قانون کی بالادستی ،عوام کی حکمرانی انصاف کی فراہمی اور عوامی فلاح وبہبود کو ممکن بنانے سے تعمیر وترقی کی منزلیں حاصل کرتی ہے بدقسمتی سے ہمارے ملک میں آئین و قانون کو مفادات کیلیے بے توقیر کردیا جاتا رہا ہے۔

جسکی وجہ سے ملک ترقی کے بجائے تنزلی کی طرف گامزن ہے۔لیکن پھر بھی منفی روش کو تبدیل نہیں کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک کی بقاء صرف فلاحی ریاست کے قیام سے ممکن ہے۔جو جمہوریت کے زریعے حاصل کیا جاسکتا ہے۔اس لیے عوام کو جمہوری قوتوں کے ساتھ ملکر نظام کی تبدیلی کیلیے جدوجہد کرنا چاہیے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں