میر جان محمد جمالی کو پاکستان میں ترکی کا اعزازی کونسل جنرل مقرر کردیا گیا

بدھ 27 جنوری 2021 00:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) رکن بلوچستان اسمبلی و سنیئر سیاستدان میر جان محمد جمالی کو پاکستان میں ترکی کا اعزازی کونسل جنرل مقرر کردیا گیا ہے، اسلام آباد میں ترکی کے سفیر احسن مصطفی نے نامزد اعزازی کونسل جنرل میر جان محمد جمالی کو تفویض کردہ ذمہ داریوں کے موقع پر ترکی کا قومی جھنڈا سپرد کیا اعلامیہ کے مطابق نامزد کونسل جنرل دونوں اسلامی ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں باہمی تعاون موثر و دوستانہ تعلقات کے فروغ کے لئے خدمات سرانجام دیں گے، اور نئی ذمہ داریوں کے بعد کوئٹہ میں ان کی رہائش گاہ پر ترکی کا قومی جھنڈا لہرائے گا جہاں وہ اعزازی کونسل جنرل کے امور بھی سرانجام دیں گے واضح رہے کہ بلوچستان میں حکمراں جماعت بلوچستان عوامی پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن بلوچستان اسمبلی میر جان محمد جمالی پاک فوج کے ریٹائرڈ کیپٹن ہیں جنہوں نے سابق وزیر اعظم میر ظفراللہ خان جمالی کی سیاسی رہنمائی میں اپنے سیاسی کیرئیر کا آغاز بطور چئیرمین میونسپل کمیٹی اوستہ محمد سے کیا ایوان بالا پاکستان میں متواتر دو مرتبہ ڈپٹی چئیرمین سینٹ وزرات اعلی بلوچستان اسپیکر بلوچستان اسمبلی وزیر تعلیم اور وزیر سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ سمیت مختلف پارلیمانی ذمہ داریاں بطریق احسن سرانجام دے چکے ہیں اور ان کا شمار بلوچستان و ملک کے زیرک سیاستدانوں میں ہوتا ہے جنہوں نے اعلی پارلیمانی فورمز پر بلوچستان کے مسائل کو مدلل انداز میں اجاگر کرکے اپنا ایک منفرد مقام پیدا کیا ہے یہی وجہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کی جانب سے میر جان محمد جمالی کو عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے بلوچستان کے سیاسی و سماجی رہنماوں نے میر جان محمد جمالی کی بحیثیت اعزازی کونسل جنرل ترکی کی نامزدگی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میر محمد جمالی کی نامزدگی تمام اہلیان بلوچستان کے لئے ایک اعزاز ہے اور توقع ہے کہ میر جان محمد جمالی اپنی بہترین صلاحیتوں کے باعث پاکستان اور ترکی کے مابین مختلف شعبوں میں قریبی و خوشگوار تعلقات کے فروغ کے لئے اپنا اہم کردار ادا کریں گے

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں