شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ،ایڈیشنل سیشن جج سریاب (ون) محمد علی مبین نے گرفتار ملزمہ کی ضمانت کی درخواست خارج کردی

منگل 15 جون 2021 22:58

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2021ء) شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس کی سماعت ،ایڈیشنل سیشن جج سریاب (ون) محمد علی مبین نے گرفتار ملزمہ کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔منگل کے روز ایڈیشنل سیشن جج سریاب (ون) کی عدالت میں شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی قتل کیس میں گرفتار ملزمہ مسماة رابعہ ولد جمال الدین کی جانب سے دائر ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی دوران سماعت عبدالواحد رئیسانی کے اہلخانہ کی جانب سے سینئر قانون دان ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ اور ملک تنویر شاہوانی نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر مقدمہ کی پیروی کی جبکہ سینئر قانون دان ملک ممتاز محفوظ ایڈووکیٹ نے عدالت کے سامنے دلائل دیئے بعد ازاں ایڈیشنل سیشن جج سریاب (ون )محمد علی مبین نے گرفتار ملزمان کی ضمانت کی درخواست خارج کردی۔

(جاری ہے)

سماعت کے موقع پرشہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے اہل خانہ سے یکجہتی کیلئے بلوچستان بار ایسوسی ایشن سریاب ڈویڑ ن کے عہدیدار ،سینئر وکلائ ، میڈیا کارکنوںاور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد احاطہ عدالت میں موجود تھی۔ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہید صحافی کے والد ڈاکٹر عبدالغفار رئیسانی نے کہا کہ واحد رئیسانی قتل کیس میں پولیس کی جانب سے دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں سے گرفتار ملزمہ کی ضمانت کی درخواست معزز عدالت نے آج خارج کردی ہے،مقدمے میں ایک ملزم فرار ہے جس کی گرفتاری کیلئے آئی جی پولیس بلوچستان ،ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے امید ہے مفرور ملزم کو بھی جلد گرفتار کیا جائیگا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عدالتوں سے انصاف کی امید ہے جلد ملزمان اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے سماعت کے موقع پر نوابزادہ حاجی میر لشکری رئیسانی جانب سے قانونی معاونت فراہم کرنے اوریکجہتی کیلئے آنے والے میڈیا کے نمائندوں ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کا شکریہ ادا کیا۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں