تمام آفیسرز عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بلا امتیاز دن رات خدمت کریں،چیف سیکرٹری بلوچستان

کھلی کچہری منعقد کرنے کا بنیادی مقصد لوگوں کو درپیش مسائل کو سننا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کے علاوہ عوام اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنا ہے،مطہر نیاز رانا

بدھ 22 ستمبر 2021 23:46

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی صوبے کے دوردراز علاقوں کے دوروں کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور عوام کے درمیان رابطے کا فقدان ہے جس سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہو رہے تھے۔ اس سلسلے میں چیف سیکرٹری نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی تھی کہ وہ شہریوں کے مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کریں تاکہ ان کے مسائل فوری طورپر حل ہوسکیں۔

تو اس سلسلے میں چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا کی خصوصی ہدایت پر صوبے کے تمام اضلاع میں کھلی کچہریوں کے انعقاد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ ضلع ژوب، شیرانی، سبی، صحبت پور، سوراب، لسبیلہ، کوئٹہ، نصیر آباد، ہرنائی، جعفر آباد میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

تمام ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں کمشنرز جبکہ اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی زیر صدارت کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جائیگا۔

جس میں تمام محکمہ جات کے آفیسران بھی موجود ہونگے اس کے علاوہ قبائلی عمائدین، مختلف مکاتب فکر کے لوگ، سیاسی ورکرز، نوجوان طبقہ، این جی اوز اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ بھی ان کھلی کچہریوں کا حصہ ہونگے۔ اس سلسلے میں اظہار خیال کرتے ہوئے چیف سیکرٹری بلوچستان نے کہا کہ کھلی کچہری منعقد کرنے کا بنیادی مقصد لوگوں کو درپیش مسائل کو سننا اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کرنے کے علاوہ عوام اور ضلعی انتظامیہ کے درمیان تعلقات مزید مستحکم کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام آفیسرز عوام کی فلاح وبہبود کیلئے بلا امتیاز دن رات خدمت کریں اور ضلعی انتظامیہ کی ہر ممکن کوشش ہونی چاہیے کہ وہ شہریوں کو ان کی دہلیز پر بنیادی اور ضروری سہولیات پہنچانے کو یقینی بنائیں تاکہ انتظامیہ اور عوام کے درمیان خوشگوار تعلق اسی طرح قائم رہے۔ تاہم اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ عوام کا تعاون ناگزیر ہے اور یہ ضروری ہے کہ عوام بھی انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کا مظاہرہ کرے۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ صوبائی حکومت دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے شہریوں کو بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ہر ماہ صوبے کے تمام اضلاع میں کھلی کچہری کا انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تمام محکموں کے آفیسران کو اپنی اپنی جائے تعیناتی پر حاضر رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈیوٹی ایمانداری کیساتھ کریں تاکہ عوام کے مسائل وقت پر حل ہوں۔ انہوں نے ضلعی آفیسران پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ آپس میں مربوط رابطہ قائم رکھ کر لوگوں کے مسائل حل کرنے میں موثر کردار ادا کریں۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں