پی ٹی وی ریفرنڈم، مشعل پینل بھاری اکثریت سے کامیاب

کارکنوں کی فلاح و بہبود اور ادارے کی ترقی کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے، پی ٹی وی کے مفادات اور کارکنوں کے حقوق کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائی جائے گی ، سید ناصر شاہ،جہانگیر خان،چوہدری فاروق

ہفتہ 25 ستمبر 2021 23:25

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) پاکستان ٹیلی وژن کارپوریشن میں گزشتہ روز سی بی اے یونین کے لئے ریفرنڈم 2021 ء کا انعقاد ہواپی ٹی وی ہیڈکوارٹرز،تمام سنٹرز اورری براڈ کاسٹ اسٹیشنز پر کارکنوں نے پی ٹی وی ریفرنڈم میں بھرپور حصہ لیا الیکشن میں تین پینل ،مشعل پینل ، پھول پینل اور اتحاد پینل نے حصہ لیا ریفرنڈم میں مشعل پینل نے کوئٹہ سنٹر اور بلوچستان کے تمام ری براڈ کاسٹ اسٹیشنز پر کلین سوئپ کرتے ہوئے ملک بھر میں 2154 ووٹ حاصل کر کے مجموعی طور پر بھاری اکثریت سے ریفرنڈم میں کامیابی حاصل کی جبکہ پھول پینل نے 143 اور اتحاد پینل نے 353 ووٹ حاصل کئے ۔

مینجنگ ڈائریکٹر عامرمنظور اور چیف ہیومن ریسورس آفیسرمحمد طاہر مشتاق نے ریفرنڈم میں کامیابی پر مشعل یونین کے رہنمائوں اور کارکنوں کو مبارکباد دی ہے اور امید ظاہر کی کہ سی بی اے یونین اور انتظامیہ کے درمیان اچھے اورخوشگوار تعلقات قائم ہوں گے اور سب مل کر پاکستان ٹیلی وژن کی بہتری و ترقی کے لئے جدوجہد کریں گے ۔

(جاری ہے)

مشعل پینل کے مرکزی چیئرمین ابراہیم کمال ،صدرجہانگیر خان ، جنرل سیکرٹری چوہدر ی فاروق، تمام مرکزی رہنمائوںسمیت کوئٹہ سنٹر کے رہنمائوں سید ناصر شاہ ، داد محمد جتک ، ناصر گجر ،دلاور کاسی ، منور خان ناصر ، عدیل درانی ، غلام فاروق بلوچ ، نادر بنگلزئی ،خادم حسین یوسفزئی ،بیبرگ بادینی ، وزیر خان ، شمس اللہ کاکڑ سمیت دیگر رہنمائوں اور ساتھیوں نے مشعل پینل کی کامیابی پر کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مشعل پینل کی کامیابی پی ٹی وی کے تمام کارکنوں کی کامیابی ہے جس طرح کارکنوں نے مشعل پینل پر اپنے جس اعتماد کا مظاہرہ کیا ہے ہم اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور کارکنوں کی فلاح و بہبود اور ادارے کی ترقی کے لئے کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے ۔

مشعل پینل کے رہنمائوں نے کہا کہ پچھلے کچھ عرصہ سے پی ٹی وی میں یونین کا وہ کردار نہیں رہا جو کہ ہونا چاہئے تھا جس سے کارکنوں اور ادارے کو کافی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔اس موقع پر سی بی اے یونین مشعل کے رہنمائوں نے پی ٹی وی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ریفرنڈم کے لئے سازگار ماحول فراہم کیا ۔انہوںکہا کہ ہماری پہلی ترجیح ادارے کی ترقی اور کارکنوں کے حقوق کے لئے جدوجہد اور ان کی پاسداری ہے ریفرنڈم میں کامیابی کے بعد بحیثیت سی بی اے یونین ہم انتظامیہ کے ساتھ مل کر پی ٹی وی کی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے انہوں نے کہا کہ سی بی اے یونین تمام کارکنوںکے حقوق کی پاسدار ہے اور ہم عہد کرتے ہیں کہ پی ٹی وی کے مفادات اور کارکنوں کے حقوق کے لئے ہر فورم پر مضبوط آواز اٹھائی جائے گی ۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں