ْمیڈیکل طلبہ کے مطالبات تسلیم اور ایڈمیشن کے جملہ مسائل حل کئے جائیں ، عوامی نیشنل پارٹی

تشدد ، لاٹھی ، گولی اور قید وبند سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مزید گھمبیر ہوجاتے ہیں

ہفتہ 25 ستمبر 2021 23:31

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی بیان میں میڈیکل طلبہ کی گرفتاری پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے اس بات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے کہ میڈیکل طلبہ کے مطالبات تسلیم اور ایڈمیشن کے جملہ مسائل حل کئے جائیں ، تشدد ، لاٹھی ، گولی اور قید وبند سے مسائل حل نہیں ہوتے بلکہ مزید گھمبیر ہوجاتے ہیں۔

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی دفتر باچاخان مرکز سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک بھر میں بالعموم اور ہمارے صوبے میں بالخصوص تعلیم ، صحت اور دیگر سہولیات کا فقدان اور غربت و پسماندگی زیادہ ہے صوبے کے دور دراز علاقوں کے بچے انتہائی مشکل حالات میں تعلیم حاصل کرتے ہیں انہیں بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی ، میرٹ کی بالادستی اور انصاف کا بول بالا کرنے کی ضرورت ہے میڈیکل انٹری ٹیسٹ کے معاملے پر صوبائی اسمبلی کے گزشتہ سیشن میں بحث بھی ہوئی تھی اور سپیکر نے اس ضمن میں متعلقہ حکام سے تفصیلات بھی طلب کی تھیں مگر اس کے باوجود گزشتہ روز احتجاج کرنے والے طلبہ کی گرفتاری عمل میںلائی گئی جس سے مختلف سوالات نے جنم لیا۔

(جاری ہے)

عوامی نیشنل پارٹی طلبہ وطالبات کے جائز مطالبات کی حمایت اور انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے بیان میں کہا گیاکہ پارٹی نے ملک میں آئین وقانون کی عملداری اور انصاف کی بالادستی کی ہر جدوجہد اورتحریک کا ساتھ دیا ہے اور صف اول میں موجود رہی ہے طلباء کی گرفتاری کے عمل پر سیاسی دکانیں لگانے والے بے جا تنقید کرنے کی بجائے مسائل کے حل کے لئے تعمیری کرداراداکریں طلبہ پر تشددیا ان کی گرفتاری کسی مسئلے کا حل نہیں بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ گرفتار طلبا کو رہا کر کے ان کے جملہ ِ مسائل پر گفت وشنید کرکے مسئلے کاپائیداراوردیرپاحل نکالا جائے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں