ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے سالانہ انتخابات برائے سال 2021-22 میں بلامقابلہ منتخب ہونیوالوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا

پیر 27 ستمبر 2021 23:29

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2021ء) ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے سالانہ انتخابات برائے سال 2021-22 میں بلامقابلہ منتخب ہونے والے صدر،سینئر نائب صدر اور نائب صدر کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔ ایوان صنعت وتجارت کوئٹہ بلوچستان کے الیکشن کمیشن کے چیئرمین حاجی آغا گل خلجی،ممبران حاجی مرزا خان خلجی اور ظفر اللہ کاکڑ کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ کے سالانہ انتخابات برائے سال 2021-22کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق مقررہ تاریخ تک ایک ہی پینل نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے جس کے تحت فدا حسین دشتی صدر، حاجی محمد ایوب مریانی سنیئر نائب صدر اورامجد علی صدیقی ایڈووکیٹ نائب صدر منتخب ہو گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن نے وومن انٹر پینیور کی نشست پر محترمہ روشن خورشید بروچہ کے بلامقابلہ انتخاب کا اعلان بھی کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین الیکشن کمیشن حاجی آغا گل خلجی،ممبران حاجی مرزا خان خلجی اور ظفر اللہ کاکڑ و دیگر ممبران نے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ کے نومنتخب صدر فدا حسین دشتی،سنیئر نائب صدر حاجی محمد ایوب مریانی،نائب صدر امجد علی صدیقی ایڈووکیٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ چیمبر آف کامرس کے صدر،سنیئر نائب صدر و نائب صدر کا بلا مقابلہ انتخاب ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کے اتحاد و اتفاق کا مظہر ہے ہمیں امید ہے کہ نومنتخب عہدیداران و ایگزیکٹو ممبران صوبے میں صنعت و تجارت سے وابستہ افراد کے مسائل کے حل اور صوبے میں قانونی تجارت کے فروغ کے لئے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔

کوئٹہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں